امارات کی شہزادی نے بھارتی نیوز اینکر کو دہشت گرد قرار دیدیا

بھارتی ادارے کو نفرت آمیز رویہ رکھنے والے شخص کو میرے پُرامن ملک میں لانے کی ہمت کیسے ہوئی؟ شہزادی ہند

زی نیوز کے سدھیر چوہدری کو بھارتی ادارے نے دبئی فیسٹیول میں مدعو کیا تھا، فوٹو: فائل

متحدہ عرب امارات کی شہزادی نے بھارتی چینل ''زی نیوز'' کے اینکر سدھیر چوہدری کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے تقریب کی انتظامیہ پر برس پڑیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی شہزادی ہند بنت فیصل القاسمی نے زی نیوز کے اینکر اور چیف ایڈیٹر سدھیر چوہدری کو دبئی میں ایک تقریب میں مدعو کرنے پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک دہشت گرد کو کیوں بلایا گیا ہے۔

شہزادی ہند بنت فیصل القاسمی سوشل میڈیا پر اکثر اسلامو فوبک مواد، پوسٹس اور اسلام کے خلاف نفرت پھیلانے والوں پر جرات مندانہ موقف کے لیے جانی جاتی ہیں اور اسلامو فوبیا کے ہی باعث سدھیر چوہدری کی آمد کو تنقید کا نشانہ بنایا۔



سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں شارجہ کے شاہی قاسمی خاندان کی شہزادی نے لکھا کہ سدھیر چوہدری اپنے ٹی وی شوز کے ذریعے اسلامو فوبیا کو فروغ دیتے ہیں اور اسلام کا تشخص خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔


شہزادی نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا کی انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ لوگوں کی میرے ملک میں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے والے شخص کو بلانے کی ہمت کیسے ہوئی۔

شہزادی نے مزید لکھا کہ 2019 اور 2020 میں، سدھیر چوہدری نے زی نیوز پر اپنے شوز میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاج کرنے پر مسلمانوں کے خلاف زہر اگلا تھا۔



شہزادی ہند بن فیصل القاسمی نے یہ بھی لکھا کہ سدھیر چودھری ایک ہندو دائیں بازو کے اینکر ہیں جو اپنے اسلاموفوبک شوز میں ہندوستان کے 200 ملین مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی اینکر سدھیر چوہدری نے حال ہی میں دبئی میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا کی دعوت پر ایکسپو 2020 میں شرکت کی تھی۔

 
Load Next Story