جعلی دستاویز پر جرمنی جانے کی کوشش کرنے والے تین افغان باشندے گرفتار
ایف آئی اے عملے نے تینوں افغان باشندوں کو مزید تحقیقات کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا
اسلام آباد ائیرپورٹ سے جعلی دستاویزات پر جرمنی جانے کی کوشش میں 2 خواتین سمیت 3 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق 2 خواتین سمیت 3 افغان باشندے شیبا امین، ندا کھروتی اور عبدالبیاس کھروتی جرمنی کے جعلی ریزیڈینس کارڈ پر براستہ پرواز 633 جرمنی جانا چاہتے تھے۔
دوران امیگریشن معلوم ہوا کہ تینوں افغان باشندوں کے پاس سفری دستاویزات جعلی ہیں جس پر تینوں مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کرکے حراست میں لے لیا گیا۔
ایف آئی اے عملے نے گرفتار تینوں افغان باشندوں کو مزید تحقیقات کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا۔