پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں الطاف حسین سے آج کی جانے والی ہڑتال کی کال واپس لینے کی اپیل کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو ''انکل الطاف حسین'' کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کی جانب سے ہڑتال کی جو اپیل کی گئی ہے اسے وہ واپس لے لیں کیوں کہ ہڑتال کے باعث شہریوں کو پریشانی اور ملکی معیشت کو کروڑوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور بھی شدید متاثر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے جو خدشات جائز ہیں اس پر انہیں ہمدردی ہے لیکن ہڑتالوں کی سیاست کرکے متحدہ قومی موومنٹ کی ساکھ متاثر ہوگی اورٹرانسپورٹر اورتاجروں کو دھمکی دینا الطاف حسین کے فلسفہ محنت کے خلاف ہے۔
بلاول بھٹوزرداری نےکہاکہ انہیں ایم کیو ایم میں الطاف حسین کے مخالف عناصر کی خبر دی گئی اورخدشہ ہے کہ یہ ہڑتال انکل الطاف حسین کے خلاف کی جانے والی سازش کا حصہ ہے لیکن مجھے امید ہےوہ اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔
دوسری جانب ترجمان ایم کیو ایم نے بلاول بھٹو زرداری کے ٹوئٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان افسوسناک اور حقائق کے منافی ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنا بیان واپس لیں اور شہدا کے لواحقین اور عوام سے معافی مانگیں۔