سردی کی شدت اور امراض سے بچانے والے پھل اور سبزیاں

کھٹے رس دار پھل وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں اور سردی کی شدت سے بچاتے ہیں


ویب ڈیسک November 22, 2021
کئی پھل اور سبزیاں ایسی ہیں جو سردی میں ہمیں کئی امراض سے بچاتی ہیں اور امنیاتی نظام مضبوط بناتی ہیں۔ فوٹو: فائل

سردیوں کی آمد آمد ہے جس میں نزلہ زکام سمیت کئی مسائل سر اٹھاتے ہیں۔ تاہم بزرگوں نے کہا ہے کہ ہر موسم کا پھل اور سبزی کھانے سے اسی موسم کے منفی اثرات سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

سردیوں میں ہاتھ پیر سن ہونا عام بات ہے جس کے بہت سے منفی اثرات بھی ہوتے ہیں۔ اس ضمن میں نارنجی کا رس ایک بہترین ٹانک ثابت ہوسکتا ہے۔

بالخصوص ایسے بزرگ جو ہاتھ پیر سن ہونے کی شکایت کرتے ہیں اگر دن میں ایک مرتبہ ایک گلاس اورنج جوس پیا جائے تو اس سے خون کی باریک رگیں کھلنے لگتی ہیں اور خون کا بہاؤ بہت بہتر ہونے لگتا ہے۔ اس ضمن میں ہزاروں افراد پر ایک سروے کیا گیا تو اس کے حیرت انگیز نتائج برآمد ہوئے۔ اب جان لیجے کہ دورانِ خون بڑھنے سے خود سردی کی شدت کم محسوس ہونے لگتی ہے۔

لیکن یاد رہے کہ چکوترا (گریپ فروٹ)، لیموں، کینو اور سنگترے کا رس بھی یکساں فائدہ دے سکتا ہے۔ یہ تمام لذیذ پھل وٹامن سی سے مالا مال ہیں جو بدن کے اندرونی دفاعی (امنیاتی) نظام کو مضبوط کرتے ہیں اور ہمیں سردی اور اس سے وابستہ امراض سے بچاتے ہیں۔

دوسرا پھل سیب ہے جو فائبراور کئی طرح کے اینٹی آکسیڈنٹس سے مالامال ہے۔ سردیوں میں اس پھل کا استعمال قدرتی طور پر آپ کو مضبوط بناکر سردی اور اس کی تکالیف سے بچاتا ہے۔

تیسرا پھل کیوی ہے جو قدرے مہنگا تو ہے لیکن یہ بھی سردیوں سے بچاتا ہے۔ کیوی میں موجود اہم اجزا سردی کی بے چینی دور کرتے ہیں اور گہری نیند لاتے ہیں۔ وہ خواتین و حضرات جو بے خوابی میں مبتلا ہیں وہ سونے سے ایک گھنٹہ قبل کیوی کے دو پھل کھائیں تو اس سے اچھی اور گہری نیند آتی ہے۔

سردی اور سبزیاں

دوسری جانب ایسی کئی سبزیاں ہیں جن کا استعمال سردیوں میں انتہائی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ ان میں شاخ گوبھی، سبزچائےاور سرخ مرچیں بھی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں۔ ان کا استعمال سردی کے حملوں اور اس سے وابستہ امراض سے بچاتا ہے۔

لیکن اس تناظر میں لہسن کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ لہسن بھی عین وہی کردار ادا کرتا ہے جو نارنجی اور دیگر کھٹے رس دار پھل کرتے ہیں۔ یہ دورانِ خون کو تیز کرتے ہیں اور سردی سے بچاتے ہیں۔ اس لیے سردیوں میں لہسن کا استعمال بڑھادینا ہی اصل فائدہ ہے۔

دوسری جانب سرخ شملہ مرچ بھی سردی سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ یہ بھی وٹامن سی سے مالامال ہے۔ اس لیے سردیوں میں سرخ شملہ بہت مفید ثابت ہوسکتی ہے۔

ادرک میں کئی اجزا ایسے ہوتے ہیں جو گلے کی خراش دور کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ادرک اندرونی سوزش کو بھی کم کرتی ہے۔ سردیوں میں ادرک کی چائے بہت مفید ثابت ہوسکتی ہے۔ کولیسٹرول میں کمی کے علاوہ یہ جوڑوں کا درد بھی دور کرسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں