امریکی سینیٹ میں پیش کردہ بلز میں پاکستان کے خلاف تحفظات نکال دیئے گئے

جنوبی ایشیا میں پاکستان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، رہنما ڈیموکریٹ پارٹی


ویب ڈیسک November 22, 2021
جنوبی ایشیا میں پاکستان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، رہنما ڈیموکریٹ پارٹی. فوٹو:فائل

امریکی ایوان سینیٹ میں پیش کردہ چار بلز اور کمیشن رپورٹس سے پاکستان کے خلاف تحفظات نکال دیئے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے پاکستان کو سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، اور امریکی ایوان سینیٹ میں پیش کردہ چار بلز اور کمیشن رپورٹس سے پاکستان کے خلاف تحفظات نکال دیئے گئے، ان بلز اور کمیشنز رپورٹس میں افغانستان کی بنیاد پر پاکستان کے بارے میں مختلف تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، اس حوالے سے ڈپٹی نیشنل فنانس چئیر ڈیموکریٹک پارٹی امریکا طاہر جاوید نے انکشاف کر دیا ہے۔

پاکستان پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما طاہر جاوید نے بتایا کہ پاکستان کی امریکا کے ساتھ سفارتی بات چیت کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، افغانستان میں انتقال اقتدار کے بعد امریکا کے اندر پاکستان کے حوالے سے مختلف آوازیں اٹھ رہی تھیں، خدشہ تھا کہ افغانستان کے معاملے کو لیکر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا جائے گا، یہ بلز بھی اس حوالے سے سامنے آئے لیکن آہستہ آہستہ اب وہ چاروں بلز سے پاکستان کا نام نکال دیا گیا ہے۔

امریکی ڈیموکریٹ رہنما کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن انتظامیہ کی مختلف معاملات پر پاکستان کے ساتھ ہر لیول پر بات چیت چل رہی ہے اور اس کے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں، جوبائیڈن انتظامیہ کی پاکستان کے ساتھ تعلقات آگے نہ بڑھنے کی باتیں درست نہیں، امریکی کانگریس کے دو ارکان اس وقت اسلام باد میں موجود ہیں، جو پاکستان کے بعد بھارت بھی جائیں گے، جنوبی ایشیا میں پاکستان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، امریکا کے ساتھ مزاکرات کی میز پر ہے اور یہ اچھی بات ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں