ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بڑھ گئی

انٹربینک میں ڈالر کے ریٹ 175 روپے اور اوپن کرنسی ریٹ 177 روپے سے نیچے آگئے

انٹربینک میں ڈالر کے ریٹ 175 روپے اور اوپن کرنسی ریٹ 177 روپے سے نیچے آگئے (فوٹو : فائل)

انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کے نرخ میں کمی آئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے مطلوبہ شرائط پوری ہونے کے بعد پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول پر معاہدہ طے پانے کی اطلاعات کے باعث پیر کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا ثابت ہوا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 175 روپے اور اوپن ریٹ 177 روپے سے نیچے آگئے۔

کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی ڈالر کے انٹربینک ریٹ 175 اور 174 روپے سے بھی نیچے آگئے تھے لیکن قرضوں کی قسط کا اجراء دسمبر کے وسط میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں منظوری کی وجہ سے کچھ ہی وقفے کے بعد ڈالر کی قدر دوبارہ 174روپے سے تجاوز کرگئی۔


اس دوران اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد ڈالر کے انٹربینک ریٹ 46 پیسے کی کمی سے 174.77 روپے پر بند ہوئے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10 پیسے کی کمی سے 176.90روپے پر بند ہوئی۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے بعد 17 دسمبر کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کو 1.06ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

ماہرین توقع ظاہر کر رہے ہیں کہ سعودی عرب کی جانب سے بیل آؤٹ پیکیج کے فنڈ کے اجراء اور آئی ایم ایف کی جانب سے قسط جاری ہونے کی صورت میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ گھٹ کر 170 روپے کی سطح پر آجائیں گے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کو توقع ہے کہ مالی سال 22 میں پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 4 فیصد سے تجاوز کر جائے گی اور ساتھ ہی آئی ایم ایف کو یہ بھی توقع ہے کہ ڈالر کی طلب و رسد کے دباؤ کے اثرات ختم ہونے اور روپے کی قدر میں ہونے والی کمی سلسلہ رکنے سے افراط زر میں بھی کمی کا رجحان شروع ہو جائے گا۔
Load Next Story