دیس بدیس کے کھانے

بنائیں لذیز پکوان بہتر ترکیب کے ساتھ۔


سمیرا انور November 23, 2021
بنائیں لذیز پکوان بہتر ترکیب کے ساتھ۔ فوٹو : فائل

آلو کا بُھرتا گوشت
اجزا:
گائے کا گوشت (آدھا کلو)
آلو (آدھا کلو) اُبال کر بُھرتا بنالیں
املی (حسب ضرورت) پانی میں گھول لیں
نمک (حسب منشا)
سُرخ مرچ پائوڈر (حسبِ ذائقہ)
ہرا دھنیا (آدھی گڈی)
ٹماٹر (ایک عدد) ٹکڑوں میں کاٹ لیں
ہری مرچیں (دو عدد) باریک کاٹ لیں

ترکیب:
گوشت کے قتلے کر کے اُبال لیں۔ جب گوشت گل جائے، تو اسے باریک پیس لیں۔ املی کی گٹھلیاں الگ کر کے اس میں نمک اور سُرخ مرچ ملا کے ایک طرف رکھ دیں۔ اب ایک ڈش میں پہلے پِسے ہوئے گوشت، پھر آلو کے بُھرتے کی تہہ لگائیں، اُس کے اوپر املی کا پانی ڈال دیں۔ آخر میں ٹماٹر، ہری مرچوں اور ہرے دھنیے سے سجاوٹ کرلیں۔

کڑاہی قیمہ
اجزا:
قیمہ (آدھا کلو) ہاتھ کا کُٹا ہوا
ٹماٹر (ایک پائو)
ادرک و لہسن (دو کھانے کے چمچے)
دہی (آدھی پیالی)
کُٹی ہوئی مرچ (آدھا چائے کا چمچا)
گرم مسالا (آدھا چائے کا چمچا)
ثابت مرچ (آٹھ سے دس عدد)
نمک (حسب ذائقہ)
ہرا دھنیا (ایک گڈی)
ثابت زیرہ (دو کھانے کے چمچے) توے پر بھون کر موٹا موٹا پیس لیں

ترکیب:
تیل گرم کر کے اس میں ایک عدد پیاز سرخ کر لیں۔ پھر اس میں قیمہ ڈال کر بھونیں۔ پانی خشک ہونے پر ادرک، لہسن، کُٹی ہوئی مرچ، دہی، ٹماٹر ڈال کر خوب بھونیں۔ جب گل جائے تو بُھنا ہوا خشک مسالا، ہرا دھنیا، ہری مرچ ڈال کر دَم پر رکھ دیں اور پھر پوریوں کے ساتھ نوش کریں۔

دَم چکن
اجزا:
چکن (ایک کلو)
پیاز (دو عدد) باریک کاٹ کر تل لیں
دہی (ایک پائو) پھینٹ لیں
لہسن، ادرک کا آمیزہ ّدو کھانے کے چمچے)
لال مرچیں (دو کھانے کے چمچے)
کُٹی ہوئی سونف (آدھا چائے کا چمچا)
لونگ (چھے عدد)
ثابت سفید زیرہ (ایک چائے کا چمچا)
پسی ہوئی کالی مرچ (ایک چائے کا چمچا)
پسا ہوا گرم مسالا (آدھا چائے کا چمچا)
ہلدی (آدھا چائے کا چمچا)
نمک (حسب ذائقہ)
ہرا دھنیا (حسب ضرورت) پتّے دھوکر کتر لیں
ہری مرچ (پندرہ عدد) باریک کاٹ لیں
تیل (ایک چھٹانک)
کوئلہ (ایک عدد)

ترکیب:
ایک بائول میں چکن، دہی، لہسن، ادرک کا آمیزہ، لال مرچ، ہلدی، سفید زیرہ، سونف اور آدھی ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال کر اچھی طرح ملا لیں اور اس کے بعد اسے ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد ایک پتیلی میں تیل اور لونگ کڑکرا کر چکن مع مسالا اور تلی ہوئی پیاز ڈال کر بھونیں اور ہلکی آنچ پر ڈھک کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب تیل الگ نظر آنے لگے، تب دہکا ہوا کوئلہ ایک چھوٹی سی پیالی میں رکھ کر پتیلی کے اندر رکھیں اور اوپر سے تھوڑا سا تیل کوئلے پر ڈال کر پانچ منٹ کے لیے ڈھکنا ڈھک دیں۔ پھر دسترخوان کی زینت بنانے سے قبل ہری مرچیں اور ہرا دھنیا چِھڑک دیں۔

پالک کلیجی
اجزا:
کلیجی (آدھا کلو)
پالک (آدھا کلو) دھوکر کاٹ لیں
دہی (ایک پائو) پھینٹ لیں
پیاز (ایک پائو) باریک کاٹ لیں
لہسن، ادرک کا آمیزہ (ایک چائے کا چمچا)
پسی ہوئی لال مرچ (دو چائے کے چمچے)
نمک (حسبِ ذائقہ)
پسا ہوا دھنیا (دو چائے کے چمچے)
قصوری میتھی (ایک کھانے کا چمچا)
ہلدی (آدھا چائے کا چمچا)
اور تیل آدھی پیالی)

ترکیب:
ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز فرائی کرلیں۔اب اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ اور کلیجی ڈال کر بھون لیں۔ اس کے بعد دھنیا پائوڈر، لال مرچ اور ہلدی ڈال کر اچھی طرح بھون کے پالک، دہی، نمک، ہری مرچ اور قصوری میتھی ڈال کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں۔ جب پالک گل جائے، تو اچھی طرح بھون کر دو منٹ کے لیے دَم دے دیں۔

غلافی کباب
اجزا:
قیمہ (آدھا کلو)
شملہ مرچ (ایک عدد)
ٹماٹر کیوبز (ایک عدد)
ڈبل روٹی کا توس (ایک عدد)
باریک کٹی ہوئی ہری مرچ (چھے عدد)
تیل (ایک چوتھائی پیالی)
پیاز (آدھی پیالی)
ادرک (ایک انچ کا ٹکڑا)
گرم مسالا (ایک چائے کا چمچا)
نمک (ایک چائے کا چمچا)
ادرک لہسن کا آمیزہ (ایک کھانے کا چمچا)
لیموں کا رس (ایک کھانے کا چمچا)
پسے ہوئے کاجو (ایک کھانے کا چمچا)
ہرا دھنیا (دو کھانے کے چمچے)
ملائی (دو کھانے کے چمچے)

ترکیب:
قیمے میں شملہ مرچ، ٹماٹر، ڈبل روٹی، ہری مرچ، پیاز، ادرک، گرم مسالا، نمک، ادرک لہسن پیسٹ، لیموں کا رس، کاجو کا پیسٹ، کٹا ہوا ہرا دھنیا اور ملائی اچھی طرح ملا لیں اور اس کے کباب بنا لیں۔ اب ایک کڑاہی میں تیل گرم کر کے کباب تلیں۔ آخر میں انھیں چٹنی کے ساتھ کھانے کے لیے پیش کریں۔

کریمی کباب
اجزا:
گائے کا بغیر ہڈی کا گوشت (ایک کلو)
گر م مسالا پائوڈر (آدھا چائے کا چمچا)
ادرک کا آمیزہ (ایک چائے کا چمچا)
پیاز (دو عدد)
ٹماٹر کا آمیزہ (دو کھانے کے چمچے)
ہری مرچ (دو عدد)
ہر ادھنیا (آدھی گڈی)
لال مرچ (ایک چائے کا چمچا)
نمک (حسب ضرورت)
ثابت دھنیا، بھون کر پیس لیں (ایک چائے کا چمچا)
سفید زیرہ، بھون کر پیس لیں (ایک چائے کا چمچا)
میدہ (دو کھانے کے چمچے)
فریش کریم (چار کھانے کے چمچے)
دودھ (ایک پائو)
کالی مرچ پائوڈر (آدھاچائے کا چمچا)
مکھن (دو کھانے کے چمچے)
ملک پائوڈر (دو چائے کے چمچے)
دودھ (ایک پائو)
تیل (حسب منشا)
سجاوٹ کے لیے
شملہ مرچ اور ٹماٹر (حسبِ ضرورت)
سوس بنانے کی ترکیب:
ایک پتیلی میں مکھن ڈال کر پگھلا لیں۔ اب اس میںملک پائوڈر شامل کر کے تھوڑا سا بھونیں اور دودھ ڈال کرایک اُبال آنے پر چولھا بند کر دیں۔ اب یہ آمیزہ ایک پیالے میں نکال کر اس میں نمک اور پِسی ہوئی کالی مرچ چِھڑک کر پیش کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں