حکومت کیخلاف فیصلہ کن سفارشات مرتب آج سربراہی اجلاس میں اعلان ہوگا پی ڈی ایم

اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں لانگ مارچ،دھرنے، استعفوں پرمشاورت، مشترکہ اجلاس میں قانون سازی پرسپریم کورٹ جانے کی بھی تجویز

حکومت سب سے بڑی بیماری، عدلیہ پر بڑے سولات اٹھ گئے، وضاحت ججز کو کرنی ہے، مارچ میں لانگ مارچ ہو سکتا ہے، حافظ حمداللہ۔ فوٹو : فائل

پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ، حکومت کیخلاف تحریک اور مشترکہ اجلاس میں کی گئی قانون سازی کو عدالت میں چیلنج کرنے کیلیے سفارشات تیار کرلیں۔

اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں ہوا جس میں تمام جماعتوں کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا کہ 4گھنٹے کے اجلاس میں مشاورت کی گئی کہ پی ڈی ایم کی تحریک کو کیا شکل دینی ہے، اس کی نوعیت کیا ہو گی، احتجاج زور دار کیسے ہوگا، مہلک بیماری سے قوم کو نجات دلانے کے لئے نسخے، تجاویز سفارشات مرتب کر لی ہیں جنہیں آج سربراہی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ سفارشات کی روشنی میں تمام فیصلے قیادت کریگی۔


انھوں نے کہا کہ لاہور جلسہ، لانگ مارچ، پہیہ جام، شٹرڈاؤن بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ قوم کو موجودہ حکومت کی شکل میں سب سے بڑی بیماری لاحق ہے۔ پشاور کا جلسہ ناکام نہیں تھا۔ مشترکہ اجلاس میں ہونیوالی قانون سازی پر سپریم کورٹ جائیں گے، دھرنا بھی ہمارے آپشنز میں شامل ہے، عدلیہ پر سوالات اٹھ رہے ہیں، پارلیمنٹ کے اندر بھی کھیلیں گے اور باہر بھی۔

خبر ایجنسی کے مطابق حافظ حمداللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے حکومت کیخلاف فیصلہ کن سفارشات مرتب کرلیں۔ آج سربراہی اجلاس میں توثیق کے بعد اعلان کیا جائیگا۔ استعفوں کی تجویز بھی موجود ہے۔
Load Next Story