لیاری میں گیس دھماکے میں زخمی بچہ بھی چل بسا ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی

17 نومبرکوفلیٹ میںگیس دھماکے سے اشفاق جاںبحق،اہلیہ،بیٹا،2بیٹیاں،ہمشیرہ اوراسکے 2بچے زخمی ہوئے تھے۔

گھر میں سوئی گیس کے پریشر کو کھینچنے والی مشین کے لگانے سے گیس لیک ہورہی تھی ۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
لیاری میں7 روز قبل سوئی گیس دھماکے میں آگ لگنے سے جھلس کر زخمی ہونے والا بچہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جب کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی۔

لیاری لیاقت اشرف کالونی ماما ہوٹل کے قریب گلی نمبر5 میں 17 نومبر کو رہائشی عمارت کی چھٹی منزل پر واقع فلیٹ میں گیس دھماکے کے بعدآگ بھڑک اٹھی تھی زخمی11 سالہ زین العابدین ولد رضوان منگل کی صبح دوران علاج زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، دو روز قبل متوفی کی والدہ 34 سالہ رشیدہ زوجہ رضوان بھی سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملی تھی، پولیس نے لاش ورثا کے حوالے کر دی۔


واضح رہے گزشتہ بدھ کو موٹرسائیکل مکینک اشفاق کے گھر میں سوئی گیس کے پریشر کو کھینچنے والی مشین کے لگانے سے گیس لیک ہورہی تھی اسی دوران صبح ناشتے کے لیے خاتون خانہ نے جیسے ہی ماچس کی تیلی جلائی تو زور دار دھماکاہوگیا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل مکینک 30 سالہ اشفاق چھٹی منزل سے نیچے گر کر موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا۔

گھر میں متوفی کی اہلیہ 25 سالہ کومل زوجہ اشفاق ، اس کا 9 ماہ کا بیٹا عرفان ، دو بیٹیاں 7 سالہ حبا ، 5 سالہ الشبا ، متوفی اشفاق کے ہمشیرہ رشیدہ ، رشیدہ کی 6 سالہ بیٹی زینب اور11 سالہ بیٹا زین العابدین زخمی ہوگئے تھے۔
Load Next Story