ثاقب نثار کی آڈیو گناہوں کا اعتراف ہے مریم نواز

ثاقب نثارنے انصاف کا قتل کیا، ان کی سازش کےخلاف قدرت کا نظام حرکت میں آچکاہے،مریم نواز

ثاقب نثارنے انصاف کا قتل کیا، ان کی سازش کےخلاف قدرت کا نظام حرکت میں آچکاہے،مریم نواز - فوٹو:ٹوئٹر

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے انصاف کا قتل کیا، ان کی لیک آڈیو گناہوں کا اعتراف ہے۔

مریم نواز نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ثاقب نثارنے انصاف کا قتل کیا، ان کی آڈیو گناہوں کا اعتراف ہے، ان کی سازش کےخلاف قدرت کا نظام حرکت میں آچکاہے۔ ثاقب نثار بتائیں کس نے آپ کو مریم اور نواز شریف کو سزا دینے پر مجبور کیا، وہ کون تھا جس کو آپ بطور چیف جسٹس انکار نہیں کر سکے، کس نے کہا کہ عمران خان کو لانا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سب سے پہلی گواہی جسٹس شوکت صدیقی کی تھی انہوں نے سنگین الزام لگائے اور کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی ان کے گھر آئےاور نواز شریف کو سزادینے کا کہا، تین سال میں جنرل فیض نے کبھی اس بات کی تردید نہیں کی، جج ارشدملک کو بھی سچ بولنے کےجرم میں انہیں نکال دیاگیا،

مریم نواز نے کہا کہ پانامامیں400سےزائدافرادکےنام آئے، لیکن نوازشریف کے علاوہ کسی اور کوسزانہیں دی، حالانکہ سزا بنتی ہی نہیں تھی،ثاقب نثارکوجواب دیناپڑےگا، انہیں سچ قوم کوبتاناپڑےگا، کہ وہ کون تھاجسےآپ چیف جسٹس ہوتے ہوئے بھی اس کے غیرقانونی کام ماننے پرمجبورہوئے۔

مریم نواز نے کہا کہ ثاقب نثار کے گناہوں کا بوجھ عدلیہ نہ اٹھائے، عدلیہ اس معاملے سے خود کو علیحدہ کرلے، ججز کے ہاتھ میں ہے نواز شریف کو انصاف دیں اور اپنے چہرے سے اس دھبے کو دھوئیں، ہم انہیں یہ موقع دے رہے ہیں۔ ثاقب نثار22کروڑعوام کے مجرم ہیں، وہ جتنی جلدی غلطیاں سدھارلیں گےبہترہے،


قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اصل مجرم حکومت ہے نیب تو حکومت کی ایک آلہ کار ہے، نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں بلکہ جب ان سے مانگے جاتے ہیں تو اس کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیسز حکومت میں بیٹھے لوگوں کی طرف سے بنائے گئے ہیں نیب جواب کہاں سے دے، اور جب نیب سے جواب نہیں بنتا تو حکومت کو آنا پڑتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرے کیس میں نیب التواء مانگ رہی ہے میں نہیں مانگ رہی، یہاں فارن فنڈنگ کیس نہیں چل رہا جس میں التواء مانگا جائے، عرفان قادر کا سپریم کورٹ میں کیس ہے اس لئے وہ پیش نہیں ہو رہے، ثاقب نثار کی لیک آڈیو پر چک شہزاد میں پریس کانفرنس کروں گی۔

 

 

 
Load Next Story