ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

شوکت ترین کے زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس، گھی اور تیل کی بڑھتی قیمتوں پر اظہار تشویش


Business Reporter November 24, 2021
(فوٹو : فائل)

نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کیا ہے جب کہ مشیر خزانہ نے ملک میں مٹی کے تیل کے وافر ذخائر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گندم، چینی، دالوں اور چکن سمیت دیگر اشیائے خوردنی کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

سیکریٹری خزانہ نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 1.07 فیصد کا اضافہ ہوا، دس اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 14 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، پیاز، آلو، خوردنی تیل سمیت مختلف اشیائے کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ پنجاب، کے پی اور وفاقی دارالحکومت میں بدستور 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے پر مل رہا ہے، صوبائی حکومتوں کی جانب سے گندم کی مسلسل فراہمی سے مزید بہتری آئے گی۔

سیکریٹری خزانہ نے چینی پر بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب اور کے پی میں چینی کی قیمت میں کمی کا رجحان جاری ہے، چینی کے نئے ذخائر دستیاب ہونے سے چینی کی قیمتیں مزید کم ہوں گی۔

سیکریٹری خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن سے بہتری آئی ہے، عالمی منڈی میں جنوری سے سویا بین اور پام آئل کی قیمتوں میں بھی کمی شروع ہوجائے گی۔

مشیر خزانہ نے چینی کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار اور گھی اور خوردنی تیل کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا اور حکام کو قیمتیں کنٹرول کی ہدایت کی۔

مشیر خزانہ نے فرٹیلائزر کی آسان دستیابی کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے اور کہا ہے کہ پام اور سویا بین آئل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو ملنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔