مریم نواز کے چینلز کو اشتہارات نہ دینے کے اعترافی بیان پر وفاقی وزرا کی تنقید

اعترافی بیان کے بعد امید ہے مریم اپنی اور خاندان کی بیرون ملک جائیدادوں کا اعتراف بھی کرلیں گی، فواد چوہدری


ویب ڈیسک November 24, 2021
اعترافی بیان کے بعد امید ہے مریم اپنی اور خاندان کی بیرون ملک جائیدادوں کا اعتراف بھی کرلیں گی، فواد چوہدری - فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے نیوز چینلز کے اشتہارات کنٹرول کرنے کے اعتراف پر وفاقی وزرا کا ردِعمل سامنے آگیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مریم نواز کی جانب سے نیوز چینلز کے اشتہارات کنٹرول کرنے کے اعتراف پر اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ یہ سنگین مالی بے ضابطگیوں کا ایک اور اعتراف ہے، امید ہے وہ بیرون ملک جائیدادوں کا بھی اعتراف کرلیں گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں میں پارٹی کا میڈیا سیل چلا رہی تھی، ان کے اس اعترافی بیان کے بعد امید ہے وہ اپنی اور خاندان کی بیرون ملک جائیدادوں کا اعتراف بھی کر لیں گی، قوم چشم براہ ہے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ مریم نواز نے تسلیم کرلیا کہ پاکستانی میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے اشتہارات بند کرنے والی آڈیو انہی کی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم نواز کس حیثیت میں عوام کے ٹیکس سے دیے جانے والے اشتہارات کو اپنے ذاتی مفاد اور چوری کے تحفظ کے لیے استعمال کر رہی تھیں، میڈیا کی آزادی پر ان کی منافقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔