طالبان کاآسٹریلوی کمپنی کے ساتھ افغانستان میں بھنگ کی تیاری کا معاہدہ

برسر اقتدارآنے کے بعد طلبان نے افغانستان میں بھنگ کی تیاری اورکاشت کاروں کو پوست کی فصل اگانے سے روک دیا تھا


ویب ڈیسک November 24, 2021
برسر اقتدارآنے کے بعد طلبان نے افغانستان میں بھنگ کی تیاری اورکاشت کاروں کو پوست کی فصل اگانے سے روک دیا تھا۔(فوٹو: فائل)

طالبان نے افغانستان میں بھنگ کی پراسیسینگ مرکز بنانے کے لیے آسٹریلوی گروپ سے لاکھوں ڈالرز کا معاہدہ کرلیا ہے۔


طالبان ترجمان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ حکومت نے آسٹریلوی کمپنی Cpharm کے ساتھ 450 ملین ڈالر کے ایک معاہدے پر دستخط کردیے ہیں، جس کی رُو سے مذکورہ کمپنی افغانستان میں بھنگ کی پراسیسنگ کرنے والا مرکز قائم کرے گی۔


طالبان کے پریس ڈائریکٹر قاری سعید خوستی کا اس معاہدے کے بارے میں کہنا ہے کہ اس معاہدے پر دونوں فریقین کی جانب سے دستخط ہوچکے ہیں اور کچھ ہی دنوں میں اس پراجیکٹ پر کام کا آغاز ہو جائے گا۔


افغان خبر ایجنسی کے مطابق افغانستان کے ڈپٹی وزیر برائے نارکوٹکس نے گزشتہ روز Cpharm کے نمائندوں کے سے ملاقات کی جنہوں نے اس منصوبے میں 450 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ تاہم Cpharm کی جانب سے ابھی تک اس معاہدے کے بارے میں ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔


قاری سعید خوستی کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت بھنگ سے ادویات بنانے والی اس کمپنی کو افغانستان میں ہزاروں ایکٹر پر پھیلی پوست کی فصل تک رسائی دی جائے گی۔


واضح رہے کہ اگست میں بر سر اقتدار آنے کے بعد طلبان نے ملک بھر میں بھنگ تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا، اس کارروائی میں منشیات استعمال اور فروخت کرنے ڈیلرز کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ کسانوں کو پوست کی فصل کاشت کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔