پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کار مینوفیکچررز کی اون منی کا نوٹس لے لیا

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اون منی کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار کو اگلے اجلاس میں طلب کرلیا


ویب ڈیسک November 24, 2021
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اون منی کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار کو اگلے اجلاس میں طلب کرلیا۔(فوٹو: فائل)

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کارساز اداروں کی جانب سے گاڑیوں پر لاکھوں روپے کی اون منی کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار کو اگلے اجلاس میں طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے بتایا کہ کار بنانے والے اداروں کی جانب سے گاڑیوں پر ڈیڑھ سے آٹھ لاکھ روپے اون منی چل رہی ہے۔

رکن خواجہ آصف نے کہا کہ آج بھی ملک میں تین بڑی کمپنیوں کی اجارہ داری ہے، گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں عوام سے پیسے لے کر بینک میں رکھتی ہیں، کار مینوفیکچرز عوام کے پیسے پر بینکوں سے منافع بھی کما رہی رہے ہیں اس کا نوٹس لیا جائے۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ادارے پیسے لے کر بنک میں رکھتے اور پیسے کماتے ہیں، ان گاڑیوں میں انجن کے دھوئیں کو روکنے کا سسٹم ہی نہیں، گاڑیوں والا معاملہ ڈکیتی ہے۔

اس بات پر رکن نور عالم خان نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں وزارت صنعت کو بلائیں، کمپنیاں گاڑیوں پر چھ چھ لاکھ روپے اون وصول کررہی ہیں،یہ لوگ وفاقی وزیر سے بھی نہیں ڈرتے، پتا نہیں ان کی کہاں تک پہنچ ہے، کیا ان اداروں کو ایسے ہی چھوڑیں۔

شرکا نے طے کیا جس کے بعد کمیٹی نے اون منی کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار کو اگلے اجلاس میں طلب کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔