سندھ میں حاملہ خواتین کیلیے ’’ مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام ‘‘ کا آغاز

نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں 19 فیصد اور 5سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات میں 17 فیصد تک کمی آئی،بلاول بھٹو

پائلٹ پروجیکٹ تھر اور عمرکوٹ میں شروع کیا گیا ، گندم چوری نہیں ہوئی ، فوڈ سیکیورٹی سمیت کئی پروگرامز پر کام جاری، مراد شاہ ۔ فوٹو : فائل

سندھ میں حاملہ خواتین کیلیے '' مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام '' کا آغازکردیا گیا۔

بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں "سوشل پروٹیکشن اسٹریٹجی یونٹ" کے تحت منعقدہ 'مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام' کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 18-2013کے درمیان سندھ میں نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح میں 30 فیصد سے زائد کمی آئی ہے، نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں 19 فیصد اور 5 سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات میں 17 فیصد تک کمی آئی ہے، ہم حاملہ ماؤں کو ان کے گھروں کے نزدیک صحت کی سہولیات رجسٹر کرنے کیلیے مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام شروع کرنے کیلیے ایک اور قدم اٹھا رہے ہیں۔

پروگرام میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یو ایس ایڈ اور یو کے ایڈ کی جانب سے 18-2013کیلیے کیے گئے ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے کے مطابق پنجاب میں نوزائیدہ بچوں کی اموات میں 19 فیصد، کے پی کے میں 2فیصد اضافہ اور سندھ میں 30 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، اسی طرح بچوں کی شرح اموات میں پنجاب میں 17 فیصد اور سندھ میں 19 فیصد اور کے پی میں 9فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ پنجاب میں 5 سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات میں 19 فیصد، سندھ میں 17 فیصد اور کے پی کے میں 9فیصد کمی آئی ہے۔


بلاول نے کہا کہ سندھ میں غربت مٹاؤ پروگرام سے30 ملین خاندانوں کو فائدہ مل رہاہے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی فلاحی پروگراموں کے حوالے سے اپنی ایک تاریخ رکھتی ہے۔ فوڈ سیکورٹی، بے زمین ہاری، سمیت کئی پروگرامز پر کام جاری ہے۔

انھوں نے وزیراعظم کے پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام میں رجسٹر ہونے کے لیے اسمارٹ فون ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔مجھے سمجھ نہیں آئی کہ پہلے غریب آدمی اسمارٹ فون کہاں سے لائے گا؟کل الزام لگا دیا کہ سندھ سے 16لاکھ میٹرک ٹن گندم چوری ہوگئی، انھوں نے کہا کہ اتنی تو ہم نے ذخیرہ بھی نہیں کی تھی۔16 لاکھ تو کیا سولہ کلو بھی چوری نہیں ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ پائلٹ پروجیکٹ پہلے مرحلے میں تھرپارکر اور عمرکوٹ اضلاع میں شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کو دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ دوران حمل ماں کا مفت چیک اپ کے ساتھ 1000 روپیہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
Load Next Story