حکومت سے مذاکرات کامیاب پیٹرولیم ڈیلرز کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

حکومت اور پمپ مالکان کے درمیان ڈیلر مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر اضافے پر اتفاق


Business Reporter/ November 25, 2021
حکومت اور پمپ مالکان کے درمیان ڈیلر مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر اضافے پر اتفاق ہوگیا (فوٹو : فائل)

حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدہ طے پاگیا جس کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ہڑتال نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات طے پاگئے ہیں جس کے بعد پمپ مالکان ہڑتال ختم کرنے پر راضی ہوگئے جس کا باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

یہ پڑھیں : ملک بھر میں پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال، شہریوں کو پریشانی کا سامنا

اس حوالے سے وزارت توانائی نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق ڈیلر مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر اضافے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن ای سی سی اور وفاقی کابینہ سے 99 پیسے اضافے کی منظوری لے گی جب کہ 6 ماہ بعد مارجن میں مہنگائی کے تناسب سے ردو بدل پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اسی سے متعلق : ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، ترجمان پیٹرولیم ڈویژن

ذرائع کے مطابق حکومت نے مذاکرات کے دوران ڈیلرز کو حتمی جواب دیا تھا کہ وہ 99 پیسے سے زیادہ مارجن نہیں بڑھا سکتے اب مزید ہڑتال جاری رکھنی ہے یا نہیں یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیلرز ایسوسی ایشن حکومت کے اس جواب کے بعد ہڑتال ختم کرنے پر راضی ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن پر ششماہی بنیادوں پر نظرثانی کی جائے گی، ڈیزل پر مارجن 3.30 سے بڑھا کر 4.13 روپے مقرر کیا جائے گا جب کہ پیٹرول پر مارجن 3.91 روپے سے بڑھ کر 4.90 روپے کردیا جائے گا۔

اس حوالے سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے اپنی رہائش گاہ پرایسوسی ایشن کی عہدے داران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی پریشانی کا احساس تھا اور بہت مجبوری میں یہ قدم اٹھانا پڑا، ہم نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے موقف میں لچک دکھائی اور حکومت کی جانب سے پیٹرولیم۔ڈیلرز کا مارجن 4.4 فیصد کرنے کی یقین دہانی کی بعد ہڑتال ختم کردی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈویژن نے مارجن میں اضافہ کی سمری میں پیٹرول اور ڈیزل پر موجودہ مارجن میں 25.20 فیصد اضافہ کی تجویز دی ہے جس کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز کا پیٹرول پر مارجن 3.91 روپے سے بڑھ کر 4.90 روپے جبکہ ڈیزل پر 3.30 سے بڑھ کر 4.13 روپے مقرر کرنے کی حکومتی یقین دہانی کرائی گئی ہے، پیٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن پر ششماہی بنیادوں پر نظر ثانی کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

دریں اثنا ہڑتال ختم ہونے کا اعلان ہوتے ہی ملک بھر میں پٹرول پمپس کھلنا شروع ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں