کراچی میں فائرنگ اور تیز دھار آلے کے وار سے 7 افراد ہلاک

ایک زخمی دم توڑ گیا، قتل کے واقعات اورنگی ٹاؤن، ملیر ندی بند اور شرافی گوٹھ میں پیش آئے


Staff Reporter February 08, 2014
نیپئر سے خاتون کی لاش ملی،یوسف پلازہ اورگودام چورنگی پرفائرنگ سے2افراد زخمی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اورتیزدھارآلے کے وار سے7 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی دم توڑگیا۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے سیکٹر7 میں شاہ فیصل محلے میں ملزم نے تیز دھار آلے کے وار کرکے 40 سالہ شکیل ولد عبدالرحمن کو ہلاک کردیا، اطلاع پرپولیس نے موقع پر پہنچ کر فرار ہوتے ہوئے ملزم کوگرفتارکرلیا،ایس ایچ اواورنگی ٹائون عبدالرحمن نے بتایاکہ ملزم گل محمد زمان کا خاندانی تنازع چل رہا تھا جس پراس نے شکیل کوقتل کردیا، پولیس نے آلہ قتل بغدا اورایک چھری برآمد کرلی،مقتول 4 بچوں کا باپ تھا،علاوہ ازیں ملیرندی بندکے قریب لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا،کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے مطابق مقتول کی عمرتقریباً 70 برس ہے جس کی شناخت نہیں ہوسکی، مقتول سیاہ شلوار قمیض میں ملبوستھا،شرافی گوٹھ کے علاقے میں ملیرندی بند کے قریب سے بھی ایک شخص کی لاش ملی، پولیس کے مطابق مقتول کی عمر تقریباً 25 برس معلوم ہوتی ہے وہ شلوار قمیض پہنے ہوا تھا، قبضے سے ایسی کوئی چیزبرآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکتی۔

دریں اثنا جمعرات کونیوکراچی کے علاقے سیکٹر5-D میں کوچنگ سینٹرکے اندرفائرنگ سے زخمی ہونے والا ٹیچر 35 سالہ مہتاب حسین جمعے کودوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا ، پولیس کے مطابق مقتول سرجانی ٹائون میں کے ڈی اے فلیٹس کا رہائشی تھا، ممکنہ طور پرواقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے، فیڈرل بی ایریا کے علاقے یوسف پلازہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ کامران جبکہ کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے گودام چورنگی پرفیصل رحمن زخمی ہوگیا۔ خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی پیلا اسکول کے قریب واقع پکوان سینٹر والی گلی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے 4 افراد 35 سالہ زاہد ، 30 عمران ، 40 سالہ یوسف اور راشد زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا ۔

 photo 3_zps44a96e16.jpg

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا ، ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری اسلم کھکھرانی کا کہنا ہے کہ زخمی ہونیوالے زاہد اور عمران کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے جبکہ زخمی ہونے والا راشد ان کا دوست اور زاہد راہگیر تھا ، انھوں نے بتایا کہ تینوں افراد گلی میں کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔لیاری کے علاقے بغدادی فدا حسین شیخا روڈ کے قریب سے 30 سالہ شخص کی لاش ملی، اس کی شناخت اختر عرف اکو کے نام سے ہوئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کا لیاری گینگ وار عذیر جان بلوچ سے تعلق تھا جبکہ وہ نعیم لاہوتی کے گروپ میں کام کرتا تھا جسے بابا لاڈلہ گروپ کے کارندوں نے اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔ الفلاح کے علاقے رفیع بنگلوز نادر اسکول کے قریب جھاڑیوں سے نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔ نیپئر کے علاقے رحمانیہ چوک سید محمود شاہ روڈ کے قریب سے 30 سالہ خاتون کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے کنپٹی پر گولی مار کر قتل کر دیا ، ایس ایچ او اعظم نے بتایا کہ مقتولہ نے سیاہ رنگ کی شلوار قمیض پہنی ہوئی ہے جبکہ فوری طور پر مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ، لاش رات گئے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں