کورونا کی نئی قسم کئی ممالک نے جنوبی افریقا پر سفری پابندیاں عائد کردیں

یورپی یونین اور بھارت سمیت کئی ممالک کا بھی جنوبی افریقا پر سفری پابندیاں عائد کرنے پر غور

یوپی یونین بھی جنوبی افریقا پر سفری پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہے، فوٹو: فائل

کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے پر برطانیہ، اسرائیل اور سنگاپور سمیت کئی ممالک نے جنوبی افریقا پر سفری پابندی عائد کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ سامنے آیا ہے جو دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے جب کہ سائنس دانوں نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا کی یہ نئی قسم B.1.1.529 ویکسین کے خلاف مزاحمت بھی کرسکتی ہے۔


نئے کورونا ویرینٹ کے سامنے آنے پر برطانیہ، اسرائیل اور سنگاپور نے جنوبی افریقا پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں جب کہ یورپی یونین اور بھارت سمیت کئی ممالک پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزارت صحت نے کہا کہ ملاوی سے واپس آنے والے مسافر میں نئے کورونا ویرینٹ کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جب کہ دو دیگر مشتبہ مسافروں کو بھی آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ یہ تینوں پہلے سے ویکسین شدہ تھے۔

ادھر عالمی ادارہ صحت کے ترجمان کرسچن لنڈمیئر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سفری پابندیاں بہت دیکھ بھال کر اور سائنسی شواہد کی بنیاد پر عائد کرنی چاہیئے کیوں کہ ابھی اس ویرینٹ کے پھیلاؤ اور خطرے سے متعلق درست اعداد و شمار سامنے آنے میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
Load Next Story