لیبیا میں قذافی کے بیٹے کی آمد پر مسلح افراد کا عدالت پر حملہ

عدالت پر حملے کے باعث سیف الاسلام اپنی نااہلی کیخلاف درخواست دائر نہ کرسکے


ویب ڈیسک November 26, 2021
عدالت پر حملے کے باعث سیف الاسلام اپنی نااہلی کیخلاف درخواست دائر نہ کرسکے - فوٹو:فائل

لیبیا کی عدالت میں مسلح افراد کے حملے کی وجہ سے سابق حکمران معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی صدارتی انتخابات لڑنے کے لیے اپنی نااہلی کے خلاف درخواست دائر نہ کر سکے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لیبیا میں سیف الاسلام قذافی کو آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے جس کے خلاف انہوں نے آج عدالت میں درخواست دائر کرنا چاہی تاہم مسلح افراد نے عدالت کے احاطے میں حملہ کر دیا۔

حکومت نے اپنے بیان میں مسلح افراد کے حملے کو ناخوشگوار واقعہ قرار دے دیا ہے۔

سیف الاسلام قذافی کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت سے چند گھنٹے قبل حملہ آوروں نے عدالتی احاطے میں موجود عملے کو اسلحے کے زور پر عدالت سے نکال دیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ ووٹرز میں تشویش کا باعث بنے گا اور ساتھ ہی صدارتی انتخابی عمل میں رخنہ ثابت ہوگا۔

لیبیا میں اقوام متحدہ کے سپورٹ مشن نے احاطہ عدالت میں حملے کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ صدارتی انتخابات کا عمل محفوظ بنایا جائے۔

واضح رہے کہ سیف الاسلام سمیت 25 امیدواروں کو 24 دسمبر 2021ء کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ نااہل کیے جانے تمام امیدواروں کے پاس فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے 48 گھنٹے موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں