حوالہ و ہنڈی پر کرنسی ایکسچینج پر چھاپہ 2 کروڑ کی غیر ملکی کرنسی برآمد

کمپنی کے مینیجر کو ملازم سمیت موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی اے

کمپنی کے مینیجر کو ملازم سمیت موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی اے - فوٹو:ایکسپریس نیوز

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حوالہ و ہنڈی پر کرنسی ایکسچینج پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے دو کروڑ مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔

ایف آئی اے کمرشل بیکنگ سرکل اسلام آباد نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئے راولپنڈی میں کرنسی ایکسچینج کے کاروبار کے لیے مشہور مال پلازہ راولپنڈی میں حوالہ و ہنڈی اور کرنسی کی مبینہ غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث گریٹ یونین ایکسچینج کمپنی کی برانچ نمبر 8 پر چھاپہ مارکر دو ملازمین کو گرفتار کرتے ہوئے 2 کروڑ 23 لاکھ روپے کی پاکستانی کرنسی اور امریکن ڈالر، برطانوی پاونڈز سمیت 2.2 ملین مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔


حکام کے مطابق مال پلازہ صدر راولپنڈی میں گریٹ یونین ایکسچیج کمپنی کے دفتر پر حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی خرید فروخت کی اطلاع ملنے پر ڈیپٹی ڈائریکڑ ایف ائی اے کمرشل بینکنگ سرکل احمد رضوان نے آٹھ رکنی ٹیم کے ساتھ مارکیٹ کے عہدیدران کو ہمراہ رکھ کر چھاپہ مارا اور پانچ گھنٹے تک تفصیلی چھان بین کے دوران 2 کروڑ 23 لاکھ پاکستانی اور 2.2 ملین مالیت کے برابر غیر ملکی کرنسی جس میں امریکی ڈالر برطانوی پاؤنڈ، ترکش لیرا، ملائیشین رنگٹ، قطری ریال، سعودی ریال اور اماراتی درہم وغیرہ شامل ہیں برآمد کرلی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی کے مینیجر عامر منظور اور انیس حیدر شاہ کو موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے برانچ سے بغیر ریکارڈ کے کیپٹل سے زیادہ کرنسی برآمد ہونے پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ڈائریکڑ ایف ائی اے اسلام آباد وقار چوہان نے کہا کہ ایف ائی اے فیٹف کی سفارشات پر غیر قانونی طور پر کرنسی کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف متحرک ہے کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔
Load Next Story