خام تیل کی قیمت ڈیڑھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی

کورونا وائرس کی سب سے تبدیل شدہ قسم کے تناظر میں خام تیل کی قیمت 10 فیصد کم ہوگئی


ویب ڈیسک November 26, 2021
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت یکلخت 10 فیصد کم ہوگئی ہے جو گزشتہ 15 ماہ میں سب سے بڑی کمی بھی ہے۔ فوٹو: فائل

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 10 فیصد کی نمایاں کمی آئی ہے جس کے بعد یہ قیمت گزشتہ ڈیڑھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق جمعہ کے روز مارکیٹ کھلتے ہی خام تیل کی قیمت میں 8.77 ڈالر کمی دیکھی گئی ہے جو کل قیمت کا 10.7 فیصد ہے جس کے بعد فی بیرل قیمت 73 اعشاریہ 45 ڈالر تک گرگئی۔

اس بڑی کمی کی وجہ کورونا وائرس کی سب سے تبدیل شدہ قسم کو قرار دیا جارہا ہے جسے جنوبی افریقا میں حال ہی میں دریافت کیا گیا ہے۔ قیمت میں یہ کمی اپریل 2020ء کے مقابلے میں سب سے بڑی کمی ہے جو کہ ڈیڑھ سال بعد ہوئی ہے۔

اسی سے متعلق : کورونا کی نئی قسم؛ کئی ممالک نے جنوبی افریقا پر سفری پابندیاں عائد کردیں

دوسری جانب تیل کی زائد پیداوار بھی اس کمی کی ایک اہم وجہ قرار دی گئی ہے تاہم اب بھی زیادہ حلقوں کی جانب سے جنوبی افریقا میں نمودار ہونے والے کورونا وائرس کی نئی جینیاتی تبدیل شدہ شکل کو اس کا ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے اور کئی ممالک پہلے ہی جنوبی افریقا سے آمدورفت پر پابندی عائد کرچکے ہیں۔

دریں اثنا مختلف اقسام کے خام تیل میں مختلف کمی ہوئی ہے مثلاً ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 9 ڈالر تک کم ہوئی جو ساڑھے 11 فیصد کمی ہے اور اس کے بعد 69 اعشاریہ 77 ڈالر فی بیرل رہ گئی ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر اپریل 2020ء کے بعد سے اب تک خام تیل کی قیمت میں یہ سب بڑی کمی دیکھی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں