ایف بی ایریا میں موٹر سائیکل سوارڈاکو 20 منٹ میں 2 دکانیں لوٹ کر فرار

ضلعی وسطی میں سنجیدہ اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل پولیس افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کی درخواست


/ November 27, 2021
ضلعی وسطی میں سنجیدہ اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل پولیس افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کی درخواست۔(فوٹو: ایکسپریس)

ڈسٹرکٹ سینٹرل میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو 20 منٹ کے دوران ایک ہی مالک کی 2 دکانوں میں لوٹ مار کے دوران نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 5 اور 10 میں پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو 20 منٹ کے دوران ایک ہی مالک کی 2 دکانوں میں لوٹ مار کے دوران نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں لوٹ مار کی وارداتوں نے جہاں عام شہریوں کو شدید اضطراب میں مبتلا کیا ہوا ہے وہیں پر کاروبار کرنے والے بھی مشکلات کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں نے ڈی آئی جی ویسٹ سے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں سنجیدہ اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل پولیس افسران کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی درخواست کردی۔

ضلع وسطی میں پولیس کی جانب سے امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے میں ناکامی کا خمیازہ براہ راست شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری و چھن جانے کی صورت برداشت کرنا پڑ رہا ہے، دونوں وارداتوں کی فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

اس حوالے سے دکان کے مالک محمد عادل خان نے گلبرگ تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے جس کے مطابق ان کی گلبرگ فیڈرل بی ایریا بلاک 5 عائشہ منزل اور فیڈرل بی ایریا بلاک 10 میں معاذ ایل پی جی کے نام سے 2 دکانیں ہیں، 26 نومبر کی رات ساڑھے نو بجے کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ڈاکو میری بلاک 5 والی دکان پرآئے اور اسلحے کے زور پر مجھ سے موبائل فون اور نقدی چھین لی، ابھی اس واردات کو 20 منٹ ہی گزرے تھے کہ انہی موٹر سائیکل سوار ڈاکو فیڈرل بی ایریا بلاک 10 میں قائم ان کی دوسری دکان سے بھی نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ ڈاکو دونوں دکانوں سے مجموعی طور پر 25 ہزار روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہوئے ہیں واردات سے متعلق فوٹیجز میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں کو دیکھا گیا جس میں سے موٹر سائیکل چلانے والا پیلے اور عقب میں سوار ڈاکو سرخ رنگ کی ٹی شرٹ اور جینز کی پینٹ پہنے ہوئے تھا اور وہ دونوں وارداتوں میں اسلحہ تھامے باہر ہی پہرہ دیتا رہا، جب کہ پیلی ٹی شرٹ اور سیاہ ٹراؤز میں ملبوس ڈاکو نے دکانوں میں گھس کر لوٹ مار کی اور اطمینان کے ساتھ اپنے ساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں