غازی رشید قتل کیس پرویز مشرف ایک دن کے لئے حاضری سے مستثنٰی قرار
ماتحت عدالت نے غازی رشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو ایک دن کے لئے حاضری سے مستثنٰی قرار دیتے ہوئے سماعت 15 فروری تک ملتوی کردی۔
راولپنڈی میں ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سابق صدر کے وکیل الیاس صدیقی نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی، ایڈووکیٹ طارق اسد نے درخواست کے خلاف اپنے دلائل میں کہا کہ ملزم پرویز مشرف کے وکیل غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں اپنے موکل کی 18 فروری کو پیشی کی یقین دہانی کراچکے ہیں۔ جس کے بعد حاضری سے استثنٰی کی درخواست پر بحث ضروری نہیں، کسی بھی فیصلے سے قبل خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کی پیشی کا انتظار کرلیا جائے تو بہتر ہے۔
ایڈووکیٹ الیاس صدیقی نے درخواست کے حق میں کہا کہ پرویز مشرف کی فاضل عدالت سے استثنٰی کی درخواست کی نوعیت مختلف ہے، اس سلسلے میں وہ عدالت کے سامنے آئندہ سماعت میں مفصل دلائل پیش کریں گے۔ عدالت نے پرویز مشرف کو ایک دن کے لئے حاضری سے استثنٰی دیتے ہوئے سماعت 15 فروری تک ملتوی کردی۔