ترک فضائیہ نے مسافر طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام بنادی ملزم گرفتار

ہائی جیکر مسافر طیارے کو روس کے شہر سوچی لے جانا چاہتا تھا جہاں اس وقت سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب جاری تھی


ویب ڈیسک February 08, 2014
ترکی کے ایف 16 جنگی طیارے نے طیارے کو استنبول ہوائی اڈے پر بحفاظت اتار لیا۔ فوٹو؛اے ایف پی

KARACHI: ترک فضائیہ نے یوکرین سے آنے والے مسافر طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے استنبول کے ایک ہوائی اڈے پر بحفاظت اتار لیا۔

ترک میڈیا کے مطابق گزشتہ رات ترک ایئرلائن پیگاسوس کا طیارہ یوکرین کے شہر خارکوف سے ترکی آرہا تھا کہ یوکرین سے تعلق رکھنے والے ایک مسافر نے طیارے کا رخ روس کے شہر سوچی کی جانب موڑنے کا مطالبہ کیا جہاں اس وقت سوچی سرمائی اولمپکس 2014 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب جاری تھی۔

حکام کا کہنا تھا کہ طیارے کو ترکی کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی ہائی جیک کر لیا گیا تھا لیکن پائلٹ نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے الرٹ کا اشارہ کیا اور ترکی کے ایف 16 جنگی طیارے نے اس کو استنبول کے صبیحہ گوکچن کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اتار لیا۔ طیارے میں 110 مسافر سوار تھے۔

رپورٹس کے مطابق طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کرنے والے یوکرینی شہری کے پاس ایک ڈیٹونیٹر تھا اور اس نے طیارے کے کاک پٹ میں داخل ہوکر کہا کہ اس کے پاس بم موجود ہے لیکن اس کے بیگ سے کوئی بم برآمد نہیں ہوا تاہم کچھ الیکٹرانک آلات برآمد ہوئے تھے۔ ترک سیکیورٹی فورسز نے طیارے کو ہائی جیک کرنے یوکرینی شہری کو معمولی مزاحمت کے بعد حراست میں لے لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں