طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی سیاسی شوریٰ سے نامعلوم مقام پر ملاقات

طالبان کی سیاسی شوریٰ کی سربراہی قاری شکیل کررہے تھے، ذرائع

طالبان کی کمیٹی کو ہیلی کاپٹر کی سہولت وزارت داخلہ کی جانب سے فراہم کی گئی، ذرائع فوٹو: فائل

حکومت کےساتھ مذاکرات کے لئے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم اور کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ کی طالبان کی سیاسی شوریٰ کے سربراہ قاری شکیل سے نامعلوم مقام پر ملاقات کی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم، کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ اور مولانا حسیب شاہ طالبان کی شوریٰ سے ملاقات کے لئے وزارت داخلہ کی جانب سے فراہم کردہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ پہنچے جہاں سے انہیں گاڑیوں کے ذریعے طالبان قیادت سے ملاقات کے لئے نامعلوم مقام پر پہنچایا گیا، قاری شکیل کی قیادت میں طالبان کی سیاسی شوریٰ سے ملاقات کے دوران کمیٹی کی جانب سے حکومتی شرائط سے آگاہ اور مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تاہم ان تک پہنچنے کے راستے دشوار گزار ہیں لہذا کمیٹی کےاراکین کو ہیلی کاپٹر کی سہولت فراہم کی جائے جب کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں قیام امن کے لئے ہیلی کاپٹر تو کیا اگر کسی کو کندھوں پر بھی اٹھانا پڑے تو وہ تیار ہیں۔
Load Next Story