بنگلا دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا جب کہ سری لنکا نے 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی۔
چٹاگانگ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بنگلا دیش کے بلے بازوں کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو شکست سے بچا لیا، کھیل کے پانچویں روز 467 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تمیم اقبال اور شمس الرحمان نے 12 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان سے اننگزکا دوبارہ آغاز کیا تو 71 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 31 رنز بنا کر کیتھوروان ویتھاناگے کا شکار بن گئے، اسی طرح شمس الرحمان 45 اور عمر القیص 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
چائے کے وقفے تک بنگلا دیش نے 3 وکٹ کے خسارے پر 204 رنز بنا لئے، جس کے بعد مومن الحق اور شکیب الحسن لنکن بالنگ کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں کھلاڑیوں نے 120 رنز کی شراکت قائم کی، پانچویں دن جب کھیل ختم ہوا تو بنگلا دیش نے 3 وکٹوں پر 271 رنز بنائے، مومن الحق 100 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، سری لنکا کے ٹرپل سنچری بنانے والے بلے باز کمار سنگاکارا کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔