نئے کورونا کا خوف جاپان نے بھی غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی

کورونا کی نئی تبدیل شدہ شکل ’’اومی کرون‘‘ زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے، ماہرین

اس سے قبل جاپان نے قرنطینہ کی شرط رکھی تھی، فوٹو: فائل

FAISALABAD:
کورونا کی نئی شکل اومی کرون کے سامنے آنے پر اسرائیل کے بعد اب جاپان نے بھی غیرملکی مسافروں کے لیے اپنے دروازے بند کرلیے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر غیرملکیوں کے ملک کے داخلے پر پابندی عائد کردی۔

جاپان پہلے ہی 6 جنوبی افریقائی ممالک سے آنے والوں مسافروں پر 10 دن قرنطینہ کی شرط عائد کرچکا ہے۔ تاحال جاپان میں کورنا وائرس کی نئی شکل اومی کرون کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔

جاپان سے قبل اسرائیل بھی اومی کرون کورونا کیس سامنے آنے پر غیرملکیوں پر سفری پابندیاں عائد کرچکا ہے جب کہ برطانیہ اور امریکا سمیت درجنوں ممالک نے جنوبی افریقا پر سفری پابندی عائد کردی ہے۔


جنوبی افریقا نے سفری پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں کورونا کی نئی قسم کا سراغ لگانے کی سزا دی جارہی ہے حالانکہ کورونا کی اقسام اس سے قبل بھی سامنے آئیں لیکن کسی ملک کے خلاف ایسا سلوک نہیں کیا گیا۔

چند روز قبل ہی جنوبی افریقا میں کورونا کی تبدیل شدہ شکل سامنے آئی ہے جو ماہرین کے مطابق تمام اقسام سے زیادہ متعدی ہے تاہم اس کی ہلاکت خیز اور ویکسین کے خلاف مزاحمت کے بارے میں آئندہ ہفتوں میں پتہ چلے گا۔

عالمی ادارہ صحت نے کورونا کی اس نئی شکل کو اومی کرون کا نام دیا ہے۔

 
Load Next Story