ٹی ٹین کو فلم کی طرح دیکھنا چاہیے ٹام بینٹن

ٹی ٹین اولمپکس میں شامل ہو سکتا ہے، کرکٹر دکن گلاڈی ایٹر


Abbas Raza November 29, 2021
ٹی ٹین اولمپکس میں شامل ہو سکتا ہے، کرکٹر دکن گلاڈی ایٹر

کراچی: دکن گلاڈی ایٹر کے بلے باز ٹام بینٹن نے کہا ہے کہ ٹی10بہترین فارمیٹ ہے اسے فلم کی طرح دیکھنا چاہیے اور کرکٹ کا یہی فارمیٹ اولمپکس میں بھی شامل ہو سکتا ہے ۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے ٹام بینٹن نے کہا کہ ٹی ٹین کرکٹ فارمیٹ عمدہ اور تیز ترین ہے جو انٹرٹینمنٹ سے بھرپور ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے فلم کی طرح دیکھنا چاہئے ۔ بعض شائقین کے لئے ٹیسٹ تو دور کی بات T20 دیکھنا بھی مشکل ہوتا ہے، ان کے لئے ٹی ٹین بہت اہم ہے وہ اسے فلم کی طرح دیکھ سکتے ہیں ۔ یہی خاصیت ٹی ٹین کو اولمپکس کے لئے موزوں بناتی ہے۔

ٹیم دکن گلاڈی ایٹر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ ٹیم بہت اچھی ہے اور کوچز محنت اور لگن سے ٹیم کی پرفارمنس کو بہتر بنانے میں مصروف ہیں اور قوی امید ہے کہ ٹیم بہترین کارکردگی کی وجہ سے نمایاں ہوگی۔

بہترین کھلاڑی سے متعلق سوال کے جواب میں بینٹن نے کہا کہ وینندر ہسرنگا بہترین گیند باز ہیں وہ کسی بھی وقت دوسری ٹیم کے لئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں ۔

ٹام بینٹن نے کہا کہ اچھے بلے باز کو اپنی کارکردگی کی طرف دھیان دینا چاہئے بعض اوقات کچھ گیندیں ضائع بھی ہو جائیں تو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں بس اپنے کھیل کی طرف متوجہ ہوں اور اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں کیونکہ ایک اچھا کھلاڑی کسی بھی جگہ شاٹ کھیل سکتا ہے ۔

اپنی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں ٹام بینٹن نے کہا کہ اکتوبر میں کرکٹ نہیں کھیلی زیادہ وقت فیملی اور دوستوں کے ساتھ گزارا اب امید ہے کہ آئندہ برسبین میں کھیلنے کے لئے تیار ہوں ۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ٹیم میں واپس جانے کے لئے تیار ہوں لیکن زیادہ دباؤ نہیں لینا چاہتا صرف اپنے کھیل سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں ۔

واضح رہے کہ ٹام بینٹن ابوظبی کا تیسرا سیزن کھیل رہے ہیں اور اس سیزن میں دکن گلاڈی ایٹر کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ ابوظبی ٹی ٹین کا آغاز 19نومبر سے ہو ا اور اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر دکن گلاڈی ایٹر کی نمایاں پوزیشن ہے ۔ ابوظبی ٹی ٹین سیزن فائیو میں 100سے زائد کرکٹر ہیں اور لیگ کا فائنل 4دسمبر کو شیخ زائد کرکٹ اسٹیڈیم ابوظبی میں کھیلا جائے گا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں