راولپنڈی بورڈ کا سپرنٹنڈنٹ زیادہ نمبرز دینے کےلیے رشوت لیتے ہوئے گرفتار

ملزم نے مدعی سے زیادہ نمبرز لگانے کے مجموعی طور پر 65 ہزار روپے رشوت وصول کی تھی


ویب ڈیسک November 30, 2021
ملزم نے مدعی سے زیادہ نمبرز لگانے کے مجموعی طور پر 65 ہزار روپے رشوت وصول کی تھی

امتحانی مرکز پر کرپشن کی ایک اور داستان بے نقاب ہوگئی۔

اینٹی کرپشن راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات لینے والے راولپنڈی بورڈ کے سپرنٹنڈنٹ اشتیاق احمد کو ہزاروں روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ واقعے کی ویڈیو بھی بنالی گئی جس میں ریڈ کے دوران ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے کہا کہ ملزم گورنمنٹ کرسچین ہائیر سکینڈری اسکول راجہ بازار کے امتحانی سینٹر پر سپریٹنڈنٹ تعینات تھا۔ راولپنڈی بورڈ کے تحت طلبا و طالبات سے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات لئے جا رہے ہیں ۔ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے ٹریپ ریڈ کرکے ایس ایس ٹی ٹیچراشتیاق کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے کہا کہ سرکل آفیسر راولپنڈی ذوالفقار بازید نے مجسٹریٹ طلعت وحید کی سربراہی میں کامیاب ٹریپ ریڈ کیا۔ ملزم سے موقع پر رشوت کے نشان زدہ 25 ہزار روپے برآمد ہوئے۔ ملزم نے مدعی سے زیادہ نمبرز لگانے کے مجموعی طور پر 65 ہزار روپے رشوت وصول کی تھی ۔

مدعی دانش رضا بارہویں جماعت کا طالب علم اور امتحانی مرکز پر امیدوار تھا ۔ ملزم اشتیاق احمد محکمہ تعلیم میں سینیئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ ہے جو راجہ بازار امتحانی سینٹر پر بطور سپریٹنڈنٹ ڈیوٹی دے رہا تھا۔ ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ نمبر 43/21 درج کرلیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں