ینگ ڈاکٹرز بلوچستان نے کورونا ویکسی نیشن مہم کا بائیکاٹ کردیا

ابھی ایمرجنسی سروسز بند نہیں کیں، کل شہر کی مختلف شاہراہوں پر پرامن مارچ کرکے احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، پریس کانفرنس


ویب ڈیسک December 02, 2021
ابھی ایمرجنسی سروسز بند نہیں کیں، کل شہر کی مختلف شاہراہوں پر پرامن مارچ کرکے احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، ینگ ڈاکٹرز (فوٹو : نیوز ایجنسی)

FAISALABAD: ینگ ڈاکٹرز بلوچستان نے اپنے مطالبات کے حق میں 10 روزہ کورونا ویکسی مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

صدر ینگ ڈاکٹرز بلوچستان حفیظ مندوخیل نے وائی ڈے اے پنجاب اور اسلام آباد کے صدور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے مطالبات کے حق میں مظاہروں کو وسعت دیں گے، ہمارے ساتھی جیل میں ہیں ان پر سختیاں کی جا رہی ہیں، صدر وائی ڈے اے پنجاب اور اسلام آباد کو قیدی ڈاکٹروں سے ملنے نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایمرجنسی سروسز بند نہیں کیں لیکن کل شہر کی مختلف شاہراہوں پر پرامن مارچ کرکے احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، ہم 10 روزہ کورونا ویکسی نیشن مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔

صدر ینگ ڈاکٹرز پنجاب نے کہا کہ بلوچستان حکومت کا عوام کی خیر خواہی کا کوئی ارادہ نہیں، سندھ اور کے پی کے ڈاکٹرز بھی یہاں پہنچ رہے ہیں، پورے ملک کے ڈاکٹرز ینگ ڈاکٹرز بلوچستان کے ساتھ ہیں، یہ اب ایک تحریک بن چکی ہے اور پورے پاکستان میں پھیلے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ڈاکٹروں کے مطالبات نہیں مانے تو پنجاب کے ہسپتال بند کردیں گے، ہسپتالوں کو پرائیویٹ کرنے کی سازش کی جارہی ہے، ڈاکٹروں نے آواز اٹھائی تو انہیں جیلوں میں ڈال دیا گیا لیکن اب یہ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔

صدر ینگ ڈاکٹرز اسلام آباد نے بھی کہا کہ حکمرانوں کو خبر ہونی چاہیے کہ بلوچستان کے ڈاکٹر اکیلے نہیں ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں، کل سے اسلام آباد کے ہسپتالوں میں جزوی ہڑتال کی جائے گی، بلوچستان میں ایمرجنسی بند ہوگی تو پورے ملک میں ایمرجنسی بند کردی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔