پورٹ قاسم پر بحری جہاز سے فلپائنی انجینئر کی لاش برآمد

لاش 24 گھنٹے پرانی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں وجہ موت کا تعین ہو جائے گا، پولیس


ویب ڈیسک December 02, 2021
لاش 24 گھنٹے پرانی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں وجہ موت کا تعین ہو جائے گا، پولیس - فوٹو:فائل

ISLAMABAD: پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہونے والے بحری جہاز سے فلپائنی انجینئر کی لاش برآمد ہوئی ہے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایچ او ڈاکس پرویز سولنگی نے بتایا کہ سمندر میں ہونے والے کسی بھی واقعے کی تحقیقات ڈاکس پولیس کے دائرہ اختیار میں آتی ہے اور بحری جہاز سے غیر ملکی باشندے کی اطلاع پر ڈاکس پولیس نے جناح اسپتال میں ضابطے کی کارروائی کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کرایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملنے والی لاش جہاز کے فلپائنی انجینئر کی ہے جو کہ تقریباً 24 گھنٹے پرانی ہے جبکہ اس کی شناخت 65 سالہ بیگاسو کے نام کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ بتایا جا رہا تھا کہ وہ جہاز کا کپتان ہے تاہم یہ بات درست نہیں ہے، مذکورہ جہاز کارمینسٹا ناروے سے پاکستان آیا ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق گزشتہ ماہ 30 نومبر کو سفر میں تھا کہ جہاز کا انجینئر اپنے کیبن میں جا کر سویا تھا اور یکم دسمبر کی صبح اس کے کیبن میں عملہ گیا تو وہ مردہ حالت میں پایا گیا تاہم جہاز میں موجود ڈاکٹر نے معائنے کے بعد موت کو دل کا جان لیوا دورہ قرار دیا تھا۔

بعدازاں مذکورہ جہاز گزشتہ روز 2 دسمبر کو پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوا تو فلپائنی انجینئر کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا جس کی رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت کا تعین ہو جائے گا جبکہ اس حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔