بڑے اداروں کو آزما لیا اب کراچی پر ظلم کے خلاف خود احتجاج کرنا ہوگا کنور نوید جمیل

نیا بلدیاتی قانون تاریخ کا بد ترین کالا قانون ہے،رہنما ایم کیو ایم


Staff Reporter December 02, 2021
عدلیہ آج بھی شہری سندھ کو انصاف نہ دے سکی، کنور نوید جمیل - فوٹو:ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD: ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان اور پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ عدالتوں سمیت بڑے اداروں کو بھی آزما لیا اب کراچی پر ہونے والے ظلم کے خلاف ہمیں خود احتجاج کرنا ہوگا۔

کراچی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ کراچی کے با شعور لوگ ٹیکس کی مد میں پیسہ دیتے ہیں، ان پیسوں سے پورا ملک اور دارالخلافہ چلتا ہے، پاکستان بنانے والوں کو سندھ میں پیپلز پارٹی کی متعصب قیادت کے نرغے میں کر دیا ہے، نہ کوئی عدالت، نہ تو کوئی ادارہ اور نہ ہی وفاقی حکومت داد رسی کو آتی ہے، ہر ایک اختیار شہری سندھ کی عوام سے چھین لیا ہے، جعلی ڈومیسائل بنا کر سندھ کے شہری علاقوں کو نوکریوں سے محروم کیا، جس پرایم کیو ایم پاکستان کی پٹیشن آج بھی عدالتوں میں سماعت کی منتظر ہیں، عدلیہ آج بھی شہری سندھ کو انصاف نہ دے سکی سندھ کی متعصب حکومت یہ سمجھنے لگی ہے کہ کراچی کی بربادی ان کا بنیادی فرض ہے۔

رہنما ایم کیو ایم کاکہنا تھا کہ نیا بلدیاتی قانون تاریخ کا بد ترین کالا قانون ہے، ٹاؤن پلاننگ، اسکول، اسپتال اور شہری ادراے بلدیاتی حکومتوں سے لے کر اپنے قبضے میں لے لئے ہیں،ہمارا تمام اداروں اور فیصلہ سازوں سے یہ سوال ہے کہ 22 کروڑ عوام کو آزادی دلوانے، 70 سال سے پورے پاکستان کو معاشی سہارے دینے کا یہ نتیجہ ہے؟ کیا یہ اس کا انتظار کر رہے ہیں کہ پانی بند کرنے کے بعد کراچی کے لوگوں پر ہوا بھی بند کر دی جائے۔

کنور نوید جمیل نے کہا کہ اب کراچی کے عوام کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ اس ظالمانہ نظام کی مزید اطاعت نہیں کی جائے گی، اب یہ متعصب حکومت قانون واپس نہیں لیتی تو شہری سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت سے چھٹکارا حاصل کریں گے اور حقوق کی جدوجہد کے ساتھ اب علیحدہ صوبے کی جدوجہد بھی کریں گے۔ وزیر اعظم پاکستان، گورنر سندھ اور چیف جسٹس آف پاکستان اس کالے قانون سمیت تمام سندھ حکومت کے اٹھائے ہوئے غیر قانونی اقدامات پر فوری ایکشن لیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

اس موقع پر سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے لوگ سندھ حکومت کی نااہلی سے تنگ ہیں، انہوں نے اسکول اور اسپتال واپس لے لئے، اس ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کریں گے، جب تک ہم کراچی پر مستقل ڈاکہ ذنی کو ختم نہیں کریں گے سکون سے نہیں بیٹھیں گے، کراچی کے لوگ بہت بڑی تحریک چلانے کو تیار ہو جائیں، وزیر اعظم عمران خان سمیت تمام اعلیٰ حکام نے کراچی کے عوام کیلئے فی الفوراقدامات نہیں کئے توعوام کسی کو بھی معاف نہیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔