عاقب جاوید کی پی سی بی ملازمت میں عدم دلچسپی

رمیز کو صرف مشورے دیے،اپنی مرضی وپلاننگ کے مطابق کام کرتا ہوں


Express News December 03, 2021
لاہور قلندرزکے کپتان کا فیصلہ پی ایس ایل7سے قبل ہی کرینگے،سابق پیسر ۔ فوٹو: فائل

NEW DELHI: عاقب جاوید نے پی سی بی کی ملازمت میں عدم دلچسپی ظاہر کردی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹرکا کہنا ہے کہ میں نے صرف کرکٹ میں بہتری کیلیے چیئرمین رمیز راجہ کو مشورے دیے، اپنی مرضی اور پلاننگ کے مطابق کام کرنے کا عادی ہوں،لاہور قلندرز کے کپتان کا فیصلہ پی ایس ایل 7سے قبل کریں گے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں سجال کے پروگرام ''میٹ دی پریس'' میں عاقب جاوید نے کہا کہ میں نے زندگی میں کسی سے نوکری نہیں مانگی۔

میں اپنی مرضی اور پلاننگ کے مطابق کام کرنے کا عادی ہوں،لاہور قلندرز کے ساتھ کھلے ذہن اور اپنے آئیڈیاز کے ساتھ خدمات انجام دے کر ہی خوش ہوں، فرنچائز کے پلیٹ فارم سے پاکستان کو نئے کرکٹرز دینے کے لیے ڈیولپمنٹ پروگرام زبردست طریقے سے جاری ہے، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور دلبر حسین کی کارکردگی دنیا کے سامنے ہے، اب مزید ایک کرکٹر سید فریدون لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے بگ بیش میں کھیلے گا تو لوگ ایک بار پھر ہمارے اس پروگرام کو سراہیں گے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے ساتویں ایڈیشن کیلیے کپتان کی تبدیلی کی باتوں کو قبل ازوقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی اس حوالے سے میں کچھ نہیں کہنا چاہتا، شاہین شاہ آفریدی یا کسی اور کو قیادت سونپنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، سوچ وبچار جاری ہے، میرے خیال میں کپتان وہ ہونا چاہیے جو ٹیم کو مزید اوپر لے جا سکے، فاسٹ بولرز زیادہ بہتر کپتانی کرسکتے ہیں، بیٹسمین بھی اچھی قیادت کرنے کی اہلیت رکھتا ہے لیکن عمران خان کی طرح تیز بولر زیادہ بہتر انداز میں ٹیم کو کنٹرول کرتا ہے۔

کپتانی کے حوالے سے اعلان لیگ کے آغاز سے قبل کیا جائے گا۔ایک سوال پر عاقب جاوید نے کہا کہ مصباح الحق سے میراکوئی ذاتی اختلاف نہیں، میری ہمیشہ سے یہی رائے رہی ہے کہ کوالیفاٰئیڈ لوگوں کو ہی میرٹ پر موقع ملنا چاہیے۔ پی سی بی کو سسٹم میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ کھلاڑی سارا سال کرکٹ کھیلیں اور پڑھے لکھے کرکٹرز بھی سامنے آ سکیں، قومی سلیکشن کے لیے تحریری پالیسی ہونی چاہیے،من مانی کے بجائے ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کو مواقع دینے کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں