کراچیبارات لے کر جانیوالے کارکن کی گرفتاری پر ایم کیو ایم کا پولیس کی اعلیٰ قیادت تبدیل کرنے کا مطالبہ
کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے بارات لے کر جانےوالے دُلہا اورایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز کو گرفتارکرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فہد عزیز کورنگی سو کوارٹر کا رہائشی ہے فہد عزیز کو شاہ فیصل کالونی سے پولیس نے اس وقت گرفتارکیا جب وہ اپنی بارات لے کر اورنگی ٹاؤن جارہا تھا،گرفتار کیے جانے کے بعد فہدعزیز کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، فہد عزیز کے والد نے بتایا کہ ان کا بیٹا بے گناہ ہے اور اسکی گرفتاری کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے دُلہا کی گاڑی کو روک کر اس سے نام پوچھا جس کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور بالوں سے گھسیٹتے ہوئے لے گئے،فہد عزیز کی گرفتاری کے خلاف اہل خانہ اور دُلہن سمیت باراتیوں کی بڑی تعداد احتجاج کرنے پریس کلب پہنچ گئی جبکہ دُلہن کا کہنا تھا کہ اگر فہد کو رہا نہ کیا گیا تو وہ خودسوزی کرلیں گی۔
دوسری جانب ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے فہد عزیز کی گرفتاری کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس کی،رابطہ کمیٹی نے فہد عزیز کو ایم کیو ایم کا کارکن قرار دیا اور 24 گھنٹے میں فہد عزیز کی رہائی اور کراچی پولیس کی اعلیٰ قیادت کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن رابطہ کمیٹی واسع جلیل نے کہا کہ فہد عزیز کے ساتھ ایک اور کارکن ریحان قریشی کو بھی گرفتارکیا گیا ہے فہد عزیز اور ریحان قریشی 2008 سے پارٹی سے وابستہ ہیں فہد عزیز بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار ہیں جنہیں پولیس نے شاہ فیصل پل سے اس وقت گرفتارکیا جب وہ اپنی بارات لے کر جارہے تھے،واسع جلیل کا کہنا تھا کہ پولیس نے گاڑی روک کر فہد کے اہل خانہ سے بدسلوکی کی اوربے دردی کے ساتھ دونوں کارکنان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے ساتھ لے گئے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما عامر خان کا کہنا تھا حراست میں لیے جانےوالے دونوں کارکنان پر کسی قسم کی ایف آئی آر اور مقدمات نہیں ہیں، کراچی میں جنگل کا قانون ہے ظلم و اوربربت کی انتہا ہوچکی ہے ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے پولیس نے نقاب پوش گروپ بناہوا ہےرشوت نہ دینے پر جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں اور گھروں سے سامان لوٹا جارہا ہے اگر 24 گھنٹے میں دونوں کارکنان کی رہائی اور کراچی پولیس کی اعلیٰ قیادت کو تبدیل نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کا اعلان کیا جائیگا ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین اور فہد عزیز کے اہلخانہ سمیت باراتیوں کی بڑی تعداد نے پریس کلب اوروزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا،رابطہ کمیٹی نے صدرمملکت،وزیراعظم،آرمی چیف ،ڈی جی رینجرز اور گورنر سندھ سے بھی فہد عزیز اور ریحان قریشی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
ادھر ایسٹ زون پولیس نے شاہ فیصل کالونی سے گرفتار کیے جانےوالے دُلہا اور ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز کی گرفتاری ظاہر کردی،ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات کے مطابق فہد عزیز قتل،اقدام قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے،شاہد حیات نے شبہ ظاہر کیا کہ فہد عزیز ابراہیم حیدری میں پولیس موبائل پر فائرنگ اور چار پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث ہے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایڈیشنل آئی جی نے فہد عزیز کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کے لیے انعام کا بھی اعلان کیا۔