رواں ہفتے ڈالر پاونڈ اور یورو کی قدر میں اضافہ

بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ایک ماہ میں 8 ارب ڈالر کی ریکارڈ درآمدات کے باعث گزشتہ ہفتے ڈالر کی اڑان برقرار رہی


December 04, 2021
[فائل-فوٹو]

ISLAMABAD: بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ایک ماہ میں 8 ارب ڈالر کی ریکارڈ درآمدات کے باعث گزشتہ ہفتے ڈالر کی اڑان برقرار رہی۔

بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ ، آئی ایم ایف سے معاہدے اور سعودی فنڈز کی آمد میں تاخیر نے پاکستانی روپیہ کومزید کمزور کردیا ہے اور ایسے ادائیگیوں کا توازن بگڑنے سے ڈالر کی ڈیمانڈ برقرار رہی۔

رواں ہفتے بھی ڈالر، ریال، پاونڈ اور یورو کی قدروں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مشیر خزانہ کی سٹہ بازوں کو تنبیہ کے باوجود ڈالر اپنے حقیقی قدر پر نہ آسکا۔

ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 176 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن مارکیٹ ریٹ بھی 179 روپے سے نیچے آنے کے بعد دوبارہ تجاوز کرگئے۔ ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کے بعد 1.31 روپے بڑھ کر 176.76 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 50 پیسے بڑھ کر 179.50 روپے ہوگئی۔

اسی طرح برطانوی پاونڈ کے انٹربینک ریٹ 1.07روپے بڑھ کر 234.59 روپے ہوئے اور اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے237 روپے پرمستحکم رہی۔

دوسری جانب انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 1.73 روپے بڑھ کر 199.58روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 50 پیسے بڑھ کر 200.50روپے ہوگئی۔

اگر سعودی ریال کی بات کی جائے تو انٹربینک میں سعودی ریال کی قدر 35 پیسے بڑھ کر 47.12 روپے ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 30 پیسے گھٹ کر 47.10 روپے پر آگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں