سری لنکن شہری کی اہلیہ کا قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ

میرے شوہر معصوم انسان تھے، اس واقعے کی منصفانہ تحقیقات ہونی چاہیئے، اہلیہ نیروشی

میرے شوہر معصوم انسان تھے، اس واقعے کی منصفانہ تحقیقات ہونی چاہیئے، اہلیہ نیروشی . فوٹو : فائل

BEIJING:
سیالکوٹ میں قتل ہونے والے سری لنکن شہری کی اہلیہ نے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سیالکوٹ کی فیکٹری میں توہین مذہب کے الزام میں ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن شہری کی اہلیہ نیروشی دسانیاکے نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے شوہر معصوم انسان تھے، اس واقعے کی منصفانہ تحقیقات ہونی چاہیئے، مجھے امید ہے کہ انصاف ملے گا۔

مقتول سری لنکن منیجرکے بھائی کے مطابق پریا نتھا 2012 سے سیالکوٹ کی اس فیکٹری میں ملازمت کررہے تھے اور تعلیم کے اعتبار سے ایک انجینئر تھے۔


یہ بھی پڑھیں :سانحہ سیالکوٹ پر از خودنوٹس کے لیے چیف جسٹس کو درخواست

یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے صدر گوتابایا راجا پاکسا سے ٹیلی فونک گفتگو میں سیالکوٹ واقعے میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

اس سے قبل سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجاپکسا نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ''میری ہمدردیاں ہلاک ہونے والے سری لنکن شہری کی بیوہ اور فیملی کے ساتھ ہیں۔

سری لنکا کے عوام یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے''۔
Load Next Story