بابراعظم کے بیٹ پر جمی گرد چھٹنے لگی

پاکستانی کپتان کی دورہ بنگلادیش میں پہلی نصف سنچری،ڈھاکا ٹیسٹ کے ابتدائی دن کا کھیل بارش سے شدید متاثر


Sports Desk December 05, 2021
بابر 60،اظہر 36 پر ناٹ آؤٹ،عابد علی اور عبداللہ شفیق اس بار اوپننگ شراکت کو سنچری تک طول نہ دے سکے۔ فوٹو: گیٹی امیجز

LUXEMBOURG: بابر اعظم کے بیٹ پر جمی گرد چھٹنے لگی جب کہ پاکستانی کپتان نے دورہ بنگلادیش میں پہلی نصف سنچری بنا لی۔

بنگلادیش سے دوسرے ٹیسٹ میں ٹاس جیتنے پر ابر آلود کنڈیشنز کے باوجود پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا جراتمندانہ فیصلہ کیا،ٹیم نے لنچ سے قبل اور کھیل رکنے تک دشوار صورتحال کو ہنس کھیل کر جھیل لیا، ابتدائی سیشن2حصوں میں بٹا رہا۔

پاکستان نے پہلے گھنٹے میں انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کیا، دوسرے گھنٹے میں صرف اسپنرز ہی اپنی موجودگی کا کچھ احساس دلا سکے، اوپنرز عابد علی اور عبدااللہ شفیق نے مسلسل تیسری مرتبہ ففٹی پلس شراکت کی،اس بار بدقسمتی سے وہ اس پارٹنر شپ کو 100 کا ہندسہ عبور نہیں کرا پائے، آسمان پر بادلوں کی موجودگی کے باوجود میزبان پیسرز پاکستان کیلیے کوئی مشکل کھڑی نہیں کرپائے۔

عابد اور عبداللہ نے میزبان فاسٹ اٹیک کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، انھوں نے عبادت حسین اور خالد احمد کی ایک نہ چلنے دی، جس کی وجہ سے بنگلادیش کو دسویں ہی اوور کے بعد تیج الاسلام کو گیند تھمانا پڑی، مگر اوپنرزنے شروع میں ان کو بھی خود پر حاوی نہیں ہونے دیا، اگلے اوور میں عابد نے شکیب کی گیندکو لیگ سائیڈ کی جانب باؤنڈری کی سیر کرائی۔

دن کا بہترین شاٹ وہ تھا جب عبداللہ نے تیج کی گیند کو لانگ آن کی جانب میدان کے باہراچھالا اور عابد کے ساتھ ففٹی شراکت مکمل کرلی، اس کے ساتھ ہی کھیل کی رفتار سست پڑنے لگی اور اگلی 25 گیندوں پر صر 6 رنز بنے، آخر کار تیج نے میزبان سائیڈ کو جشن منانے کا موقع دیا جب ان کی گیند عبداللہ شفیق کو چکمہ دیتے ہوئے سیدھی اسٹمپ میں جاگھسی، انھوں نے 50 بالز پر 25 رنز بنائے، جس میں ایک چھکا اور 2 چوکے شامل تھے، تیج کی اگلی گیند نے اظہر کی بھی آزمائش کی مگر اس بار نتیجہ پہلے جیسا نہیں تھا۔

دوسرے اینڈ پر موجود عابد 39 رنز پر تیج کی ہی گیند پر بولڈ ہوئے، انھوں نے 81 بالز پر 39 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے شامل تھے، آسمان پر بادل بدستور موجود تھے اور دوسرے سیشن میں میزبان بولرز نے دباؤ بڑھایا، اس موقع پر اظہر علی جدوجہد کرتے ہوے دکھائی دیے، انھیں باؤنس اور ٹرن سے نمٹنے میں مشکل ہورہی تھی مگر دوسری جانب بابراعظم ریڈ بال کو اپنی فارم اورمعیار کے مطابق کھیلنے میں مصروف رہے۔

بنگلادیش نے مزید شکار کیلیے پوری کوشش کی مگر بابر کے ساتھ پھر اظہر بھی وکٹ پر سیٹ ہوگئے،اس کے بعد بارش شروع ہوگئی، 25 منٹ وقفے کے دوران پلیئرز کو حکمت عملی کے ازسرنو جائزے کا موقع ملا، بعد ازاں جب کھیل شروع ہوا تو خالد احمد، بابر کو باؤنڈری کے قریب کیچ کرنے کے ایک مشکل موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے، جس کے بعد بابر نے سنبھل کر زبردست پل شاٹ مڈ وکٹ کی جانب کھیلا۔

اظہر نے اگلے اوور میں مہدی حسن کو باؤنڈری جڑی، فائن لیگ کی جانب شاٹ کھیل کر بابر نے اپنی ففٹی مکمل کی، اس وقت بنگلادیش کی مشکل بڑھنے لگی، خاص طورپر شکیب کو گیند گرپ کرنے میں مشکل ہورہی تھی مگر بابر اور اظہر پْرسکون انداز میں کھیلتے رہے۔

آخری سیشن میں امپائرز نے کم روشنی کی وجہ سے کھیل روک دیا جوکافی دیر تک شروع نہیں ہوسکا جس پر پہلے دن کا اختتام کردیا گیا، صرف 57 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، بابر اعظم 60 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، وہ 99 بالز کا سامنا کرچکے، اس میں سے ایک پر چھکا جڑا اور 7 کو چوکے کیلیے باؤنڈری کی سیر کرائی، دوسری جانب 81 بالز پر اظہر 39 رنز بنا چکے،اس میں 6 چوکے شامل رہے،دونوں وکٹیں تیج کو ہی ملیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں