وزیراعظم کی جانب سے سعودی شہزادے کو تحفے میں دیا گیا عقاب خصوصی طیارے سے لاہور بھیجا گیا

نجی ایئرلائنز نےعقاب کو لاہور روانہ کرنا چاہا تو ایئرلائنز کے عملے نے عقاب کو لیجانے سے تکنیکی بنیادوں پر انکار کردیا۔

دوران سفر آکسیجن کم ہونے کی صورت میں نایاب پرندے کی زندگی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، نجی ایئر لائن۔ فوٹو؛ فائل

وزیراعظم کی جانب سے سعودی شہزادے کو دیے جانے والے عقاب کونجی ایئرلانز کی جانب سے انکار کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے لاہور بھجوایا گیا ۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود سعودی شہزادے کیلیے بطور تحفہ وزیراعظم سیکریٹریٹ کی درخواست پر سندھ حکومت کے محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے ہفتے کی صبح لاہور کیلیے روانہ کیا جانا تھا ۔ صبح سندھ حکومت کے حکام نے جب نجی ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے عقاب کو لاہور روانہ کرنا چاہا تو ایئرلائنز کے عملے نے عقاب کو لے جانے سے تکنیکی بنیادوں پر انکار کردیا، وفاقی اور صوبائی مشینری کے تمام تر دبائو کے باوجود نجی ایئرلائنز کے عملے نے موقف اختیار کیا کہ ان کے پاس عقاب کو لیجانے کیلیے انتظامات موجود نہیں ہیں۔دوران سفر آکسیجن کم ہونے کی صورت میں نایاب پرندے کی زندگی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ نجی ایئرلانز کے انکار کے بعد ملک کی ایک اہم ترین شخصیت کے کاروباری دوست کا خصوصی طیارہ لاہور سے کراچی آیا اور وہ عقاب کو لے کر لاہور روانہ ہوگیا۔
Load Next Story