طالبان کمیٹی اور تحریک طالبان کی سیاسی شوریٰ نے بات چیت کا ابتدائی مرحلہ کامیابی سے طے کرلیا

طالبان قیادت نے طالبان کمیٹی کو آگاہ کردیا ہے کہ طالبان سیز فائر کے لیے تیار ہیں.

حکومتی کمیٹی سے دوسری ملاقات سے قبل ہی طالبان قیادت سیز فائر کا اعلان کرسکتی ہے، ذرائع فوٹو: فائل

طالبان کمیٹی اور تحریک طالبان کی سیاسی شوریٰ نے بات چیت کا ابتدائی مرحلہ کامیابی سے طے کرلیاہے۔


ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ طالبان قیادت نے طالبان کمیٹی کو مکمل مذاکراتی اختیارات تفویض کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم اس کا اعلان آئندہ 24سے 48گھنٹوں میں کیا جائیگا۔ اطلاعات کے مطابق طالبان کمیٹی اور طالبان شوریٰ میں اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ حکومتی کمیٹی سے دوسری ملاقات سے قبل ہی طالبان قیادت سیز فائر کا اعلان کرسکتی ہے۔ طالبان قیادت نے طالبان کمیٹی کو آگاہ کردیا ہے کہ طالبان سیز فائر کے لیے تیار ہیں بشرطیکہ حکومت بھی سیز فائر کا اعلان کرے ،طالبان قیادت نے طالبان کمیٹی کو مختلف مطالبات پیش کیے ہیں ،جن میں مذاکرات قرآن و سنت کے مطابق کیے جائیں ،طالبان اکثریتی علاقوں سے فوجی دستوں کی واپسی اور کئی طالبان رہنماؤں کی رہائی شامل ہے ۔

اطلاعات کے مطابق طالبان کمیٹی نے حکومتی پیغام سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مذاکرات میں مخلص ہے طالبان حملے نہ کریں اور مذاکراتی عمل میں ایسا راستہ اختیار کیا جائے ،جو حکومت کے دائرہ کار سے باہر نہ ہو اور مذاکراتی کمیٹی کو مکمل بااختیار بنایا جائے ،اطلاعات ہیں کہ حکومتی پیغام اور آئین کے دائرہ کار میں مذاکرات کی شرائط سمیت دیگر امور پر طالبان قیادت غور کررہی ہے تاہم اس کی حتمی منظوری آئندہ 24سے 48 گھنٹوں میں طالبان کی جانب سے مطالبات کی صورت میں سامنے آئے گی ،اطلاعات ہیں کہ مولانا سمیع الحق بھی جلد شمالی وزیرستان روانہ ہوں گے ،آئندہ 48گھنٹوں میں طالبان کمیٹی طالبان کی جانب سے پیش کردہ مطالبات لے کر واپس آئے گی ،جہاں یہ مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھے جائیں گے اور حکومتی کمیٹی اس مذاکرات کی پیش رفت سے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو آگاہ کرے گی ،جس کے بعد آئندہ مذاکرات کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔
Load Next Story