قومی ٹی 20 کپ حفیظ اور عمر امین نے قیادت کا حق ادا کردیا

بہاولپوراسٹیگزکیخلاف لاہور لائنز کے کپتان نے73 رنز بنائے، فاٹا چیتاز کے مقابل راولپنڈی ریمز کے قائد 82 کیساتھ نمایاں


Sports Reporter February 09, 2014
کراچی ڈولفنز نے کوئٹہ بیئرز کو 12 رنز سے مات دی، لاڑکانہ بلز نے حیدر آباد ہاکس کو 4 وکٹ کی رسوائی سے دوچار کردیا، اسلام آباد لیپرڈز بھی فاتح۔ فوٹو: فائل

قومی ٹوئنٹی20 کپ میں محمد حفیظ اور عمرامین نے قیادت کا حق ادا کرتے ہوئے اپنی ٹیموں کو کامیابی دلادی۔ بہاولپور اسٹیگز کیخلاف8 وکٹ سے کامیاب لاہورلائنزکے کپتان نے ناقابل شکست 73 رنز بنائے، فاٹا چیتاز کے مقابلے عمر امین نے 82 کی اننگز سے ریمز کو68 رنز سے فاتح بنادیا۔

کراچی ڈولفنز کی ٹیم کوئٹہ بیئرزکو 12 رنز سے مات دینے میں کامیاب رہی۔ لاڑکانہ بلز نے حیدر آباد ہاکس کو 4 وکٹ کی رسوائی سے دوچار کردیا۔ اسلام آباد لیپرڈز نے پشاور پینتھرز کو 46 رنز سے پچھاڑدیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹوئنٹی20 کپ کے تیسرے روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں لاہور لائنز نے بہاولپور اسٹیگز کو یکطرفہ مقابلے میں 8 وکٹ سے زیر کرتے ہوئے فاتحانہ آغاز کرلیا، 143 رنز کے ہدف کا پیچھا کرنے والی فاتح سائیڈمحمد حفیظ کے ناقابل شکست 73 رنز کی بدولت صرف 2 وکٹ گنوا کر باآسانی سرخرو رہی، کپتان نے 46 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 1 چھکا اور 10 چوکے جڑے، احمد شہزاد نے 40 رنز کی اننگز تراشی، عمر اکمل 20 پر ناقابل شکست رہے، ناصر جمشید کی کاوش صرف 11 رنز تک ہی محدود ہوگئی۔ قبل ازیں بہاولپور اسٹیگز نے اوپنرز حامد علی (46) اور عمران اللہ اسلم (37)کی اننگز سے تقویت پاتے ہوئے مقررہ اوورز میں 142 رنز کا ہندسہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

دونوں نے9 اوورز میں 77 رنز کا آغاز فراہم کیا، مگر بعد میں آنے والے بیٹسمین رن ریٹ کو چابکدستی سے آگے نہ بڑھا سکے،اعزاز چیمہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، وہاب ریاض اور سعد نسیم2،2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، محمد حفیظ نے 4 اوورز میں صرف 17 رنز دیے مگر ان کے حصے میں کوئی وکٹ نہ آسکی۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں میزبان ریمز نے کپتان عمرامین کے آل رائونڈ کھیل کی بدولت فاٹا چیتاز کو 68 رنز سے پچھاڑ دیا، عمر امین نے پہلے 47 گیندوں پر 82 رنز کی اننگز تراشی بعد میں 3 اوورز میں 24 رنز کے بدلے ایک بیٹسمین کو پویلین کا راستہ بھی دکھایا، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 180 رنز بنائے، اویس ضیا بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے ، بابر نعیم(2) اور خرم شہزاد(1) کی وکٹ گرنے کے بعد کپتان عمر امین نے محمد نواز کے ہمراہ ملکر 101 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، محمد نواز 38 اور حماد اعظم 27 کیساتھ ناقابل شکست رہے، ریاض آفریدی نے 3 اور آصف آفریدی نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

 photo 5_zpse1c80159.jpg

پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے والی فاٹا چیتاز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 112 رنز تک ہی پہنچ سکی، اختر ایوب 3 اور حماد اعظم 2 وکٹیں اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔ مرغزار کرکٹ گرائونڈ میں لاڑکانہ بلز نے حیدر آباد ہاکس کو 4 وکٹ سے مسلسل دوسری شکست سے دوچار کردیا، اس سے قبل جمعے کو کوئٹہ بیئرز نے بھی ہاکس پر ہاتھ صاف کیا تھا۔ ناکام ہاکس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 156 رنز بنائے، شرجیل خان دوسرے مقابلے میں بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 4 اسکور پر پویلین لوٹ گئے،کپتان عقیل انجم نے43 اور فیصل اطہرنے 35 رنز کے ساتھ ٹیم کو قابل قدر مجموعہ فراہم کرنے میں مدد دی، زاہد محمود نے 13 رنز کے عوض 3 شکار کیے، نو آموز لاڑکانہ بلز نے محمد عرس کے29 گیندوں پر ناقابل شکست 41 رنز کی بدولت ہدف 2 گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اوپنر احسن علی نے 26 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز تراشی، نعمان علی نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں میزبان لیپرڈز نے پشاور پینتھرز کو 46 رنز سے زیر کیا، فاتح سائیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بابر اعظم( 55) اور سرور خان(33)سے تقویت پاتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر134 رنز بنائے، لیپرڈز کا دیگر کوئی بھی بیٹسیمن ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا، زوہیب خان نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

135 رنز کے ہدف کا پیچھا کرنے والی پشاور پینتھرز کی ٹیم 16 ویں اوورز میں 88 پر ڈھیر ہوگئی، افتخار احمد اوراعظم خان نے 18،18 رنز کے ساتھ تھوڑی مزاحمت دکھائی، زوہیب احمد، جنید نادر اور عماد وسیم نے 3،3 وکٹوں کا بٹوارا کیا۔ عمر گل نے دواوورز میں 10 رنز دیئے مگر کوئی کامیابی حاصل نہ کرسکے۔نیشنل گرائونڈ اسلام آباد میں کراچی ڈولفنز نے اپنے ابتدائی معرکے میں کوئٹہ بیئرز کو 12 رنز سے ہرایا، کامیاب سائیڈ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹیں گنوا کر 150 رنز بنائے، اوپنر شاہ زیب حسن نے دھواں دار آغاز فراہم کرتے ہوئے صرف 12 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے، خرم منظور 38 اور سرفراز احمد ناقابل شکست 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسد شفیق صرف 9 اورخالد لطیف 10 رنز بنانے میں کامیاب رہے،فواد عالم نے 24 اسکور کیے،غلام محمد دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔کوئٹہ بیئرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 138 رنز تک ہی پہنچ سکی، کپتان بسم اللہ خان نے 46 اور محمد فرحان22 کیساتھ نمایاں رہے، بابر رحمان اور اعظم حسین نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں