افضل گروکی پہلی برسی کےموقع پرمقبوضہ کشمیرمیں کرفیو متعدد حریت پسند رہنما گرفتار

قابض بھارتی فوج نے حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کو گرفتار اور سید علی گیلانی کو نظر بند کر دیا۔


ویب ڈیسک February 09, 2014
بھارت نے افضل گرو کو پارلیمنٹ حملہ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گزشتہ برس فروری میں پھانسی کی سزا دی تھی۔ فوٹو؛ فائل

بھارتی فوج نے کشمیری رہنما افضل گرو کی پہلی برسی کے موقع پرمقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر کے حریت پسند رہنما یاسین ملک کو گرفتار جبکہ سید علی گیلانی کو بھی ان کے گھر میں نظر بند کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے کشمیری رہنما افضل گرو کی پھانسی کی پہلی برسی کے موقع پر سری نگر سمیت پوری وادی میں کرفیو نافذ کر کے 4 افراد کے جمع ہونے پر پانبدی لگا دی ہے جبکہ حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کو بھی سری نگر سے گرفتار کر لیا ہے۔

جموں اور کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک سیکڑوں کی تعداد میں مظاہرین کے ساتھ افضل گرو کا جسد خاکی ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے کے حق میں مظاہرہ کر رہے تھے کہ بھارتی فوج نے ان پر دھاوا بول دیا اور یاسین ملک سمیت متعدد حریت پسند رہنماؤں کو بھی گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب قابض بھارتی فوج سینیئر حریت پسند رہنما سید علی گیلانی کو بھی گھر میں نظر بند کردیا ہے۔

واضح رہے کہ افضل گرو کو بھارتی عدالت نے ممبئی پارلیمنٹ حملہ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گزشتہ برس فروری میں پھانسی کی سزا دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں