پنجاب پولیس کے 700 سے زائد اہلکار 2 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

پولیس لائن، سی سی پی آفس اور اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب آفس کی جانب سے تسلی بخش جواب نہیں مل رہا، متاثرہ اہلکاروں کا موقف


ویب ڈیسک February 09, 2014
تنخواہوں سے محروم اہلکاروں کا تعلق مجاہد اور افلائنگ اسکواڈ سے ہے۔ فوٹو: فائل

اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات کی سیکیورٹی پر معمور 700 سے زائد پولیس اہلکار گزشتہ 2 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جب کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے بھی انہیں تسلی بخش جواب نہیں دیا جارہا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب پولیس میں قبض الوصول نامی ایک شعبہ قائم ہے جہاں سے پولیس اہلکار نقد تنخواہیں وصول کرلیا کرتے تھے تاہم امن و امان کی مخدوش صورت حال اور کرپشن کے باعث پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی تھیں کہ وہ مخصوص بینکوں میں اپنے کھاتے کھلوائیں جس میں مقرر تاریخ پر تنخواہیں جمع کرادی جائیں گی۔ پولیس اہلکاروں نے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بینکوں میں کھاتے کھلوائے جن کی تفصیلات سی پی او آفس اور اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب آفس میں جمع کرادی گئیں ۔

تمام تر قانونی تقاضوں کی تکمیل کے باوجود مجاہد اسکواڈ اور فلائنگ اسکواڈ کے 700 سے زائد اہلکاروں کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں، یہ تمام اہلکار ملک کی اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات کی حفاظت پر معمور ہیں۔ تنخواہوں سے محروم اہلکاروں کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کے حصول کےلئے وہ ڈسٹرکٹ پولیس لائن، کیپیٹل سٹی پولیس آفس اور اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب آفس کے کئی چکر لگاچکے ہیں لیکن کوئی بھی انہیں تسلی بخش جواب نہیں دیتا جس کی وجہ سے وہ اور ان کے خاندان شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں