3 ماہ سے بھارت میں پھنسے پاکستانی ہندو خاندان وطن واپس پہنچ گئے

بھارتی حکام نے ایک خاندان کو نوزائیدہ بچے کی سفری دستاویزات نہ ہونے پر روک دیا


آصف محمود December 07, 2021
بھارتی حکام نے ایک خاندان کو نوزائیدہ بچے کی سفری دستاویزات نہ ہونے پر روک دیا - فوٹو:ایکسپریس نیوز

گزشتہ تین ماہ سے بھارت کے بارڈر پر رکے ہوئے پاکستانی ہندو خاندان بالآخر واپس وطن پہنچ گئے ہیں تاہم ایک خاندان کے پاس نوزائیدہ بچے کی سفری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے امیگریشن سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔

پاکستان سے مختلف اوقات کے دوران ہندو خاندان بہتر مستقل کا خواب لے کر بھارت گئے تھے تاہم وہاں ہونیوالے امتیازی سلوک اور کسمپرسی کی وجہ سے واپس لوٹ رہے ہیں۔ گزشتہ روز 95 پاکستانی ہندو خاندانوں کے افراد واہگہ بارڈر کے راستے واپس پہنچے ہیں۔ یہ لوگ گزشتہ تین ماہ سے بھارت کے اٹاری بارڈر کے قریب کھلے آسمان تلے قیام کئے ہوئے تھے۔ وہاں مقامی لوگ انہیں کھانا فراہم کرتے تھے۔

کورونا کی وجہ سے پاک بھارت بارڈر بند ہونے کی وجہ سے ان لوگوں کو واپس پاکستان آنے میں مشکلات کاسامنا تھا۔ ایکسپریس نیوز/ٹربیون نے چند ہفتے قبل ان ہندو خاندانوں کی مشکلات کو اجاگر کیا تھا جس کے بعد اعلیٰ حکام نے نوٹس لیا اور اب یہ خاندان واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

ان ہندو خاندانوں میں ایک پالارام بھی شامل ہیں جن کی اہلیہ کے ہاں دو دسمبر کو اٹاری بارڈر پر بچہ ہوا تھا۔ وہ خاندان اس نوزائیدہ بچے کوبھی اپنے باقی چار بچوں کے ساتھ پاکستان لے آیا تھا تاہم واہگہ بارڈر پر امیگریشن حکام نے اس خاندان کو بتایا کہ بچہ چونکہ انڈیا میں پیدا ہوا ہے اس لئے اس کا برتھ سرٹیفکیٹ اور سفری دستاویزات ہونا ضروری ہیں۔

اس خاندان نے اپنے نوزائیدہ بچے کا نام بارڈر رکھا ہے، اس خاندان کو واپس انڈیا بھیج دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے نوزائیدہ بچے کا برتھ سرٹیفکیٹ بنوانے کے بعد پاکستانی ہائی کمیشن نیودہلی سے اس کی سفری دستاویزات حاصل کرسکیں۔

پالارام کے مطابق بارڈر پر پھنسے 97 پاکستانیوں میں 47 بچے بھی شامل ہیں جن میں سے 6 بچوں کی پیدائش بھارت میں ہی ہوئی ہے جن کی عمر ایک سال سے بھی کم ہے۔ پالا رام کے علاوہ ایک اور پاکستانی شہری لگا رام کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام بھارت رکھا گیا ہے، لگا رام 2020ء میں اپنے بھائی سے ملنے ہندوستان کے شہر جودھ پور گیا تھا۔

ادھر واپس پاکستان آنیوالے ہندوخاندان انتہائی خوش ہیں، انہوں نے پاکستان حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایک شہری کا کہنا تھا وہ مذہبی رسومات کی ادائیگی اوراپنے رشتہ داروں سے ملنے انڈیا گئے تھے لیکن پھروہاں پھنس گئے، انہیں خوشی ہے کہ وہ واپس پاکستان لوٹ آئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |