فیصل آباد میں دکانداروں کا کچرا چننے والی خواتین کو بے لباس کر کے تشدد  

واقعے میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس


ویب ڈیسک December 07, 2021
واقعے میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس - فوٹو:فائل

ISLAMABAD: ملت ٹاؤن میں بھرے بازار میں کچرا چننے والی خواتین کو بے لباس کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کا شرم ناک واقعہ پیش آیا ہے، خواتین کو برہنہ کرکے تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سخت نوٹس لیا ہے جبکہ پولیس اب تک 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملت ٹاؤن بازارمیں پانی پینے کے لیے دکان میں آنے والی خواتین کو ملزمان نے دکان میں بند کردیا اور ان پر چوری کا الزام لگا کر برہنہ کرکے تلاشی لی گئی۔ خواتین کو چوری کے الزام میں مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنانے اور برہنہ کر کے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر پولیس حرکت میں آئی اور اب تک پانچ ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

تھانہ ملت ٹاوّن کے علاقے لاثانی پُلی کے قریب واقع الیکٹرونک شاپ کے مالک عثمان کی جانب سے اپنے ملازمین اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کچرہ چننے کے لیے آنے والی خواتین کو مبینہ طور پر چوری کے الزام میں بھرے بازار میں تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ تلاشی لینے کے بہانے خواتین کو برہنہ کرکے نازیبا حرکات بھی کی گئیں جبکہ خواتین کی قابل اعتراض ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر بھی وائرل کی گئیں۔

سوشل میڈیا پر فوٹیج وائرل ہونے پر سی پی او ڈاکٹر عابد اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن موقع پر پہنچ گئے۔ جس پر تھانہ ملت ٹاوّن پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے 5 ملزمان کو حراست میں لےلیا جبکہ فوٹیج کی مدد سے مزید ملزمان کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد اور بدسلوکی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جائے گی، متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اس طرح کا واقعہ ناقابل برداشت ہے، خواتین پر تشدد اور بدسلوکی کرنے ملزمان قانون کے تحت سخت سزا کے مستحق ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔