تعلیم کے حصول کا حقیقی مقصد معاشرے کیلئے مفید شہری پیدا کرنا ہے پروفیسرمحمد اکرم چوہدری

تعلیمی ادارے صرف ڈگریاں بانٹ رہے ہیں، وہ معاشرے کو مختلف شعبوں کےماہر افراد دینےمیں ناکام ہیں، پروفیسرمحمد اکرم چوہدری


تعلیمی ادارے صرف ڈگریاں بانٹ رہے ہیں، وہ معاشرے کو مختلف شعبوں کےماہر افراد دینےمیں ناکام ہیں، پروفیسرمحمد اکرم چوہدری فوٹو: فائل

ماہر تعلیم و وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چودھری نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیم کے حصول کا حقیقی مقصد معاشرے کے لئے مفید انسان پیدا کرنا ہے، ایسا سود مند شہری بنانا ہے، جو اپنے فرائض اور حقوق سے مکمل طور پر آگاہ ہو۔

صرف ملازمت کا حصول تعلیم کا مقصد بنانے کی بڑی وجہ تعلیمی نظام اور تعلیمی ادارے ہیں۔ تعلیمی ادارے صرف ڈگریاں بانٹ رہے ہیں، وہ معاشرے کو مختلف شعبوں کے ماہر افراد دینے میں ناکام ہیں۔ کمزور تعلیمی نظام کی وجہ سے قوم کو ایسے نوجوان نہیں دیئے جا رہے جو نوکری نہ ملنے پر خود سے اپنے لئے روزگار پیدا کر سکیں۔ تعلیمی نظام طلبہ کے لئے مدد گار ثابت نہیں ہو رہا، کسی سمت کا تعین کئے بغیر تعلیم کی جیسے تیسے فراہمی جاری ہے۔ کسی حکمت عملی کے بغیر تعلیم دینے کے ذمہ دار یقیناً ہمارے حکمران ہیں اور اسی وجہ سے آج وطن عزیز میں کوئی 18 طرح کے تعلیمی نظام چل رہے ہیں۔ افسوس! کی بات ہے کہ جن مقتدر ہاتھوں نے نظام تعلیم کو تشکیل دیا ہے یا دے رہے ہیں، ان کے اپنے بچے تو بنیادی تعلیم بھی بیرون ملک سے حاصل کر رہے ہیں، یعنی کس قدر افسوس کی بات ہے کہ انہیں اپنے بنائے ہوئے نظام پر ہی بھروسہ نہیں ہے۔

دیکھیں! میں ایک بڑے تعلیمی ادارے کا وائس چانسلر ہوں اور اگر میرے بچے بیرون ملک بنیادی تعلیم حاصل کرتے ہیں تو مجھ سے بڑا منافق تو اور کوئی نہیں۔ ناقص پالیسیوں کی بدولت تعلیمی اداروں کے اندر تعلیم کی فراہمی اور خراب ماحول کی وجہ سے آج جو بندہ دو سو روپے دے سکتا ہے وہ بھی اپنے بچے کو سرکاری سکول میں داخل نہیں کرواتا۔ کیا دیگر ممالک میں تعلیم کے ساتھ ایسا ہی سلوک روا رکھا جاتا ہے کہ سوال پر ڈاکٹر اکرم چودھری کا کہنا تھا کہ بالکل نہیں، ترقی یافتہ ممالک میں تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ تعلیم کو اس کمتر درجے پر رکھا جائے، وہاں جس شعبے کیلئے جتنے افراد کی ضرورت ہوتی ہے، وہ اس شعبے کے لئے تیار کئے جاتے ہیں۔ پاکستان میں تعلیم کے حقیقی مقاصد کے حصول کے لئے ہمیں سب سے پہلے بنیادی تعلیم اور تعلیمی اداروں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، اس کیلئے سب سے پہلے مانیٹرنگ کا نظام درست کیا جائے اور تعلیمی اداروں کو سیاست کی بھینٹ چڑھنے سے بچایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں