سوہا علی خان ہدایتکار شیواجی پاٹیل کی فلم میں کام کریں گی

فلم کاابھی نام نہیں رکھا گیا،شوٹنگزدہلی میں ہوںگی،ایوارڈ یافتہ ہدایتکار شیواجی کے ساتھ کام کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے


Showbiz Desk February 10, 2014
کنال کھیمو نے زندگی میں توازن پیدا کردیا ، ابھی ہم دنوں نے شادی کے متعلق کوئی فیصلہ یا بات نہیں کی ہے ، سوہا کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بالی ووڈ اداکارہ سوہا علی خان کو نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایتکار شیواجی پاٹیل نے اپنی آنیوالی فلم میں کاسٹ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم ''مسٹر جوبی کاروالہو'' کو شائقین کی طرف سے ملنے والے ملے جلے رحجان کے بعد سوہا کو ایوارڈ یافتہ ہدایتکار شیوا جی پٹیل نے اپنی فلم جس کا ابھی تک نام نہیں رکھا گیا ہے میں اہم کردار کے لیے کاسٹ کرلیا ہے۔ اس سلسلہ میں سوہا علی خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ انھیں فخر ہے کہ انھیں فلمساز و ہدایتکار شیوجی پاٹیل کی فلم میں کام کی پیشکش ہوئی ہے جو انھوں نے قبول کر لی ہے۔ ایوارڈ یافتہ ہدایتکار شیوجی پاٹیل کی نئی فلم کا اسکرپٹ جاندار ہے جسے پڑھ کر ہی انھوں نے فلم میں کام کرنے کی کی حامی بھر لی ہے اور اس کی عکسبندی دہلی میں ہو گی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم کا نام ا بھی نہیں رکھا گیااور اس کے متعلق مزید کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا تاہم وہ ٹوئٹر کے ذریعہ مداحوں سے فلم کی اپ ڈیٹس شیئر کرتی رہیں گی۔

ادھر سوہاعلی خان جو اپنی کسی فلم کی باکس آفس پر کامیابی اور ناکامی پر کوئی تبصرہ نہیں کرتی کاکہنا ہے کہ ایک اداکار کو صرف اپنی اداکاری پر ہی توجہ دینا چاہیے ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ کا کہنا تھا کہ دوسرے پیشہ ور افراد کی طرح اداکاروں کو بھی فلموں میں کام کرنے کا معاوضہ دیا جاتا ہے اور وہ فلم میں اپنے کردار کے مطابق ہی پرفارم کرتا ہے فلم کی ناکامی یا کامیابی سے کسی اداکار کو کو کوئی خاص فرق نہیں پڑتا سوائے اس کے کہ اسے فلموں کاسٹ کرنا کم کردیا جاتا ہے اس کے باوجو اداکاروں کو لوگوں کے زہنوں میں زندہ رہنے کے لیے فلموں کے کامیاب ہونے اور مزید فلموں میں نظر آتے رہنے کی ضرورت رہتی ہے ۔کنال کھیمو(Kunal Khemu) کے ساتھ شادی کے متعلق سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا ہم سے ہر وقت یہی سوال کیا جاتا ہے کہ شادی کب کررہے ہیں مگر حقیقت میں ابھی تک ہم دنوں نے اس سلسلہ میں کوئی بات یا فیصلہ نہیں کیا تاہم ہم دنوں اکثر تقریبات میں اکٹھے جاتے ہیں اور میرے نزدیک انھوں نے میری زندگی میں ایک توازن قائم کردایا ہے جس پر میں بہت خوش ہوں ۔

 photo 1_zps0a99271e.jpg

اطلاعات کے مطابق سوہا علی خان پروڈیوسر ویبہ دتا کھوسلا کی پروڈکشن چار فٹیہ چھوکری(Chaarfutiya Chhokare) میں سماجی ادارے کی کارکن نیہا مالینی کا کردار ادا کررہی ہیں فلم کی کہانی بچوں کی بھارتی ریاست بہار میں بچوں کی اسمگلنگ کے واقعات پر مبنی اور اس کی ہدایات منیش ہری شنکر دے رہے ہیں۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں سیما بسواس ، زاکر حسین ہریش مائر ، مکیش تیواری ، سوہاس سرست ، لیکھ ٹنڈن اور امیش جگتاپ شامل ہیں ۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی شوٹنگ کا پہلا شیڈول کولہا پور میں مکمل کیا جا چکا ہے ۔ فلم میں ایک شنکر منڈل نام کا ایک نیا چہرہ بھی متعارف کرایا جارہا ہے جو ممبئی کے مضافات کا رہائشی ہے اور اسے فلم میں کام کرنے کی خصوصی تربیت دی جارہی ہے جب کہ ابھی جیت اور سمیر کی تیار کردہ دھنوں پر شردھا سنہا ، بکھاری ٹھاکر،ملینی آوشتی کی آوازوں میں گانے ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ 4اکتوبر 1978کو نواب پٹودی خاندان میں پیدا ہونے والی 34سالہ اداکارہ نے ابتدائی تعلیم دہلی کے اسکول سے حاصل کی ۔اداکارہ کے والد بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی کا آبائی ملک افغانستان تھا اور مادری زبان بھی پشتو رہی ہے ۔بھارت میں ان کے خاندان کے سلسلے صدیوں پرانے ہیں ۔اداکارہ کی والدہ شرمیلا ٹیگور نواب منصور سے شادی کے بعد مسلمان ہوگئیں اور نام عائشہ سلطانہ رکھ لیا ۔بھائی سیف علی خان نے بھی ماں کی طرح بھارتی فلم انڈسٹر ی میں نام کمایا ۔تاہم سوہا کی بہن صبا علی خان ایک فیشن ڈیزائنر ہیں ۔سوہا نے فلمی سفر کا آغاز 2004میں فلم ''دل مانگے مور''سے کیا۔ اس فلم میں سوہا علی خان نے اداکار شاہد کپور اور آشہ ٹاکیہ کے ساتھ کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ 2005میں اداکارہ کی بنگالی فلم ''انتارمحل''میں عمدہ پرفارمنس کو نقادوں نے ابھی تک ذہن میں رکھا ہے اور انھیں ہر بار اس فلم میں اچھی اداکاری کا کریڈٹ دیا جاتا ہے ۔

2006میں اداکارہ کی فلم ''رنگ دے بسنتی ''میں پرفارمنس پر انھیں خوب سراہا گیا ۔اسی سال ان کی عمدہ پرفارمنس نے فلم ''کھویا کھویا چاند''کو چارچاندلگادیے یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیاباں سمیٹنے میں سرفہرست رہی ۔اس کے بعد 13نومبر 2009کو سینماگھروں کی زینت بنائی جانیوالی فلم ''تم ملے ''میں سوہا کی عمران ہاشمی کے مدمقابل اداکاری نے بالی وڈ حلقوں کو گرویدہ بنالیا۔یہ فلم اگرچہ کمرشل طور پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تاہم سوہا کی پرفارمنس کو سراہاگیا ۔2005میں شروع ہونے والی اس فلم میں اداکارہ نے لیڈنگ لیڈی رول نبھایا ۔2010میں بننے والی فلم ''ممبئی کٹنگ''میں جلوہ گرہوئیں ۔اسی سال فلم ''تیرا کیا ہوگا جانی ''اور پھر 2011میں فلم ''سائونڈ ٹریک''میں گوری کا کردار نبھایا۔ 2012 میں سوہا کی تین فلمیں سینماگھروں کی زینت بنائی گئیں۔ 2013 میں دو فلمیں ''صاحب بیوی اور غلام '' اور ''وار چھوڑ نہ یار'' سینما گھروں کی زینت بنائی گئیں۔ رواں برس کے آغاز میںا یک فلم ''مسٹر جو بی کاروالہو'' سینما گھروں کی زینت بنائی گئی جس پر مداحوں کی طرف سے ملا جلا رحجان سامنے آیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں