ایفی ڈرین کیمیکل نہ ملنے سے دواؤں کی تیاری مشکل ہوگئی مریض جعلی دوائیں خریدنے پر مجبور

حکومت تاحال دواسازاداروں کو ایفی ڈرین کاکوٹہ الاٹ نہ کرسکی، بازارمیں کھانسی،بخار،سکون بخش دوائوں کی قلت پیدا ہوگئی


Staff Reporter February 10, 2014
سیکریٹری نارکوٹکس کا تقرر نہ ہوسکا،600دوائوں کی تیاری مشکلات سے دوچار،موسمی بیماریوں کی دوائیں مارکیٹ سے غائب. فوٹو: فائل

ادویہ ساز اداروں کو ایفی ڈرین کا کوٹہ نہ ملنے سے دوائوں کی تیاری مشکل سے دوچار ہو گئی، بازار میں کھانسی ،بخار اور سکون بخش دوائوں کی قلت پیدا ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق دوائیں بنانے والے اداروںکا کہنا ہے ایفی ڈرین کا کوٹہ مختص نہ کیے جانے سے دوائوں کی تیاری مشکل ہو گئی ہے اگر کوٹہ جلد مختص نہ کیاگیا تو اندیشہ ہے کہ دوائوں کی قلت شدید ہوجائے گی، بیشتر اہم دوائوں کی تیاری میں ایفی ڈرین (نارکوٹکس کیمیکل) کے اجزا شامل کیے جاتے ہیں لیکن سابقہ حکومت کے من پسند کمپنیوں کوایفی ڈرین کا لامحدود کوٹہ الاٹ کرنے سے تاحال دوا ساز اداروں کو کوٹہ الاٹ نہیں ہوسکا جس سے بازار میں کھانسی، بخار، سکون بخش دوائوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے، ادویہ ساز اداروں (فارما کمپنیوں) کا کہنا ہے کہ طریقہ کارکے مطابق نارکوٹکس کیمیکل کوٹہ سیکریٹری نارکوٹکس نے جاری نہیں کیا، کیمیکل دستیاب نہ ہونے سے دوائوں کی تیاری بند ہوگئی ہے، حکومت نے سیکریٹری نارکوٹکس ڈویژن کا تقرر نہیں کیا اور یہ اسامی گزشتہ ایک ماہ سے خالی ہے۔

 photo 3_zpsa83870a7.jpg

ذرائع کے مطابق فارما کمپنیوں کیلیے ایفی ڈرین (کیمیکل) کا کوٹہ ہر سال جنوری میں جاری کیا جاتا ہے، کوٹے کے اجرا میں تاخیر سے اہم موسمی بیماریوں کی دوائوں کی شدید قلت ہوگئی ہے جن میں کھانسی، بخار، سکون بخش دوائیں اور کینسر کے مریضوںکیلیے درد کش دوائیں بھی شامل ہیں، ماہرین علم الادویہ کے مطابق مارکیٹ سے اہم دواؤں کی قلت پر غیرمعیاری اور جعلی دوائیں بنانے والے سرگرم ہیں اور صورتحال کا فائدہ اٹھاکر جعلی اورغیر معیاری دوائیں فروخت کررہے ہیں، مجبور مریض غیر معیاری دوائیں خریدنے پر مجبور ہیں جن دوائوںکی تیاری میں ایفی ڈرین کیمیکل استعمال ہوتا ہے ان میں کھانسی کا شربت، لیکسوٹنل (سکون بخش دوا)، ریلیکسن(ڈپریشن دور کرنیوالی دوا)، زائلورک( یورک ایسڈ امراض کی دوا)، تھائی روکسن اور کھانسی کا شربت سینکوس شامل ہیں،34 نارکوٹکس اجزا کے مختص نہ ہونے سے 600 اقسام کی دوائوں کی تیاری مشکلات سے دوچار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں