سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع زلزلے سے لرز اٹھے

زلزلے کی شدت کم ہونے سے کوئی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ریسکیو ذرائع


ویب ڈیسک December 12, 2021
زلزلے کی شدت کم ہونے سے کوئی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ریسکیو ذرائع۔(فوٹو: فائل)

LONDON: سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ اورخیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ سندھ میں صبح 5:30 بجے حیدرآباد، ٹھٹھہ، جامشورو، کوٹری، نوری آباد، سہون میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کا مرکزکینجھرجھیل سے40کلومیٹردورشمال مغرب میں تھا جب کہ زلزلہ پیمامرکز کے مطابق اس کی گہرائی30کلومیٹر اور ریکٹراسکیل پرشدت3.3ریکارڈ کی گئی ہے۔

سندھ میں جس وقت زلزلہ آیا اس وقت نمازی فجر کی نماز کی تیاریوں میں مصروف تھے جب کہ شہریوں کی اکثریت زلزلے کے جھٹکے محسوس نہ کر سکی۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں سوات، سیدوشریف، شانگلہ، بونیر، لوئردیر، اپردیر، چترال، مالاکنڈ اور بشام میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جب کہ زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلے کا مرکزکوہ ہندوکش، گہرائی130کلومیٹر اور شدت3.8ریکارڈ کی گئی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے سوات، دیر، چترال میں محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت کم ہونے سے کوئی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں