ٹی ٹوئنٹی کرکٹ گرین شرٹس کا کیریبیئنز پر غلبہ

18میچز میں 12فتوحات،ویسٹ انڈین ٹیم 2013سے سیریز فتح کی منتظر

18میچز میں 12فتوحات،ویسٹ انڈین ٹیم 2013سے سیریز فتح کی منتظر۔ فوٹو: فائل

MULTAN:
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں گرین شرٹس کا کیریبیئنز پر غلبہ رہا ہے، 18باہمی میچز میں پاکستان نے 12جیتے جب کہ صرف 3میں شکست ہوئی۔

جارحانہ کرکٹ کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کا شمار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی بڑی ٹیموں میں ہوتا ہے،البتہ2بار کے ورلڈ چیمپئن پاکستان کے مقابل قابل رشک کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپائے،18باہمی میچز میں گرین شرٹس نے 12میں کامیابی حاصل کی، صرف 3میں شکست ہوئی،اتنے ہی میچز بے نتیجہ رہے۔

2011میں گروس ایلیٹ میں کھیلے جانے والے واحد میچ میں پاکستان کو 7رنز سے شکست ہوئی تھی،اس کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم 2013سے اب تک 5باہمی سیریز میں سے ایک بھی نہیں جیت پائی۔


پاکستان میں دونوں ٹیمیں ابھی تک 3میچز میں آمنے سامنے آئی ہیں، تینوں کیریبیئنز کے گذشتہ ٹور کے دوران اپریل 2018میں کھیلے گئے تھے،پہلے مقابلے میں گرین شرٹس نے 143رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی،میزبان ٹیم کی جانب سے کسی نے ففٹی نہیں بنائی مگر 5وکٹ پر 203رنز جوڑے، جواب میں کیریبیئنز صرف 60رنز پرڈھیر ہوگئے۔

دوسرے میچ میں بابر اعظم کے 93رنز اور حسین طلعت کی نصف سنچری نے پاکستان کا اسکور3وکٹ پر 205تک پہنچایا،پھر حریف کو 123تک محدود رکھا،تیسرے مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے 6وکٹ پر 153رنز بنائے، فخرزمان کی جارحانہ بیٹنگ نے گرین شرٹس کو16.5اوورز میں ہدف تک رسائی دلا دی۔

 
Load Next Story