کراچی آپریشن وزیراعظم نے چوہدری نثارسے رپورٹ طلب کرلی

ماورائے عدالت قتل کے الزامات اورالطاف حسین کی پریس کانفرنس کا بغور جائزہ لیا جائے گا، ذرائع

ماورائے عدالت قتل کے الزامات اورالطاف حسین کی پریس کانفرنس کا بغور جائزہ لیا جائے گا، ذرائع فوٹو: فائل

MANCHESTER:
وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈآپریشن کے دوران قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب اب تک کی جانے والی گرفتاریوں ،مقابلوں اور ان میں جاں بحق ہونے والے افرادسمیت تمام امور سے متعلق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارسے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

وفاقی وزیرداخلہ جلدوزیراعظم سے ملاقات میں کراچی آپریشن پربریفنگ دیں گے،رواں ہفتہ کراچی آپریشن کی آئندہ پالیسی پر سندھ حکومت کی مشاورت سے اہم فیصلے کیے جاسکتے ہیں،ان فیصلوں میں کراچی آپریشن پر بعض حلقوں کے تحفطات کو دور کرنے کے علاوہ مربوط نگرانی کانظام اور مکمل امن کے لیے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ ذرائع کا کہناہے ایم کیوایم کے تحفظات اورقانون نافذ کرنے والے اداروں پر ماورائے عدالت قتل کے الزامات سمیت الطاف حیسن کی اتوار کو ہونے والی پریس کانفرنس پر اعلیٰ حکومتی حلقے اس معاملے کاباریک بینی سے غور کررہے ہیں،وزیراعظم کاوفاقی وزیرداخلہ سے اتوار کو رابطہ ہواہے جس کے بعد گورنرسندھ اور وفاقی وزیرداخلہ میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور ان ا مور پر غور کیا گیا ،وزیرداخلہ کراچی آکر گورنر سندھ ،وزیراعلیٰ سندھ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملاقات کریں گے، ان ملاقاتوں میں کراچی آپریشن کی آئندہ حکمت عملی اور ایم کیوایم کے تحفظات پرغور کیا جائیگا۔




اس کے بعد وفاقی وزیرداخلہ ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کریں گے اور ان کی شکایات کا جائزہ لے کر وزیراعلیٰ سندھ کی مشاورت سے ان کا ازالہ کیا جا ئے گا، ایم کیو ایم کی شکایات کے ازالے کے لیے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارمتحرک ہوگئے ہیں اوروہ بھی جلدایم کیو ایم کی اعلی ٰقیادت سے رابطہ کرکے وفاق کاپیغام دیںگے،وفاق نے گورنرسندھ کو بھی کہاہے کہ وہ وفاق اور ایم کیوایم کے درمیان رابطوں میں جومسائل پیدا ہوئے ہیں ان کو دور کرنے میں اپناکرداراداکریں۔ذرائع کاکہناہے کہ نواز شریف کی زیرصدارت آج (پیر کو)اسلام آباد میں مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے بعدان کی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی اہم ملاقات متوقع ہے جس میں میں کراچی آپریشن، اس کے تیسرے مرحلے پرمشاورت کے علاوہ ایم کیوایم کے تحفظات پر غور کیا جاسکتاہے،کراچی آپریشن کاتیسرامرحلہ آج(پیر سے )شروع کیا جارہاہے تاہم اس کے بعض امورپر وفاق سندھ حکومت سے مشاورت کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا،اطلاعات ہیں اس مرحلے کو مکمل خفیہ رکھا جائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story